لاہور۔7جنوری (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور سے جمعرات کے روز وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے گور نر ہائوس لاہورمیں ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے بات چیت کی گئی ۔گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ 2023تک جنوری ،فروری اور مارچ آتے رہیں گے حکومت قائم رہے گی،پی ڈی ایم کے استعفوں سے حکومت نہیں بلکہ اپوزیشن اراکین کی اپنی اسمبلی رکنیت ختم ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان شفاف اور بلاتفریق احتساب سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، مسائل کا حل مذاکرات ہیں لانگ مارچ اور دھر نے نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ملک میں شفافیت اور میرٹ کو حقیقی معنوں میں یقینی بنا رہی ہے اورملک میں آئین و قانون کی بالادستی کی ذمہ داری حکومت ہر صورت پوری کرے گی۔ گورنر نے کہا کہ عوام اپوزیشن نہیں حکومت کے ملکی ترقی کے بیانیے کے ساتھ کھڑی ہے،پاکستان آج کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے جو مخالفین کو برداشت نہیں ہورہا ۔ انہوں نے کہا کہ کر پشن کے خاتمے اور شفاف احتساب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہبازگل نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان استعفیٰ نہیں دیں گے اور نہ ہی 2023سے پہلے الیکشن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا ایجنڈہ ملکی وقومی مفادات کا تحفظ نہیں بلکہ صرف اورصرف اپنا بچائو ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے جلسوں سے حکومت کسی صورت خوفزدہ نہیں ہوگی۔