پشاور۔ 10 اکتوبر (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی سے جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو نے منگل کے روز گورنر ہاؤس پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعاون اور باہمی دلچسپی کے امور سمیت خیبر پختونخوا میں تعلیم، زراعت، معدنیات اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ منصوبوں، سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو کی گئی۔ملاقات میں پاکستان بالخصوص خیبرپختونخوا میں مقیم افغان شہریوں کی باعزت واپسی سے متعلق امور بھی زیر بحث رہے۔ملاقات میں جاپانی سفیر کے ہمراہ خیبرپختونخوا میں اعزازی قونصل جنرل جاپان نوابزادہ فضل کریم آفریدی بھی ہمراہ تھے۔
اس موقع پر گورنرکاکہناتھاکہ جاپان کے ساتھ 1952 سے سفارتی تعلقات قائم ہیں۔ جاپان حکومت صوبہ بالخصوص ضم اضلاع میں تعلیم و صحت کے منصوبوں میں مزید تعاون کرے۔موجود صورتحال میں ضم اضلاع کے نوجوانوں کو تعلیم کی تمام سہولیات فراہم کرنا اشد ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ جاپان حکومت کے تعاون سے ضم اضلاع میں اسکولوں اور بی ایچ یوز کے قیام یا اپ گریڈیشن منصوبوں کے آغاز سے دوطرفہ عوامی دوستانہ تعلقات مستحکم ہوں گے، ضم اضلاع میں تعلیم اور صحت کی بنیادی ضروریات کی فراہمی جاپان سمیت دوست ترقی پذیر ممالک کا تعاون درکار ہے جبکہ معدنیات و زراعت کے شعبہ میں جاپان اپنی جدید ٹیکنالوجی سے صوبہ بالخصوص ضم اضلاع کے نوجوانوں کو ایسی مدد یقینی بنائے کہ وہ معدنی و زرعی شعبہ میں دستیاب استعداد کو استعمال میں لا کر کاروبار و روزگار سے منسلک ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کوہاٹ ٹنل، غازی بروتھا ڈیم اور قدرتی آفات میں امدادی منصوبوں پر جاپان حکومت کے شکرگزار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ 2006 سے جاپان کے تعاون سے ورسک ڈیم سے پشاور کیلئے پینے کی صفا پانی کی فراہمی کا منصوبہ شروع کیا گیا جو کہ ابھی تک التواء ہے۔ یہ منصوبہ بہت بڑامنصوبہ ہے جس سے ہیپاٹائٹس اور دیگر بیماریوں سے چھٹکارا ملے گا۔ جاپان حکومت کے خیبر پختونخوا میں جائیکا کے زیر انتظام منصوبوں کو مکمل سپورٹ کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں جاپان سمیت تمام دوست ممالک کے شہریوں کو وفاق و صوبائی حکومتیں مکمل تحفظ فراہم کر رہی ہیں۔ جاپانی سفیر نے پہلی مرتبہ پشاور کا دورہ کرنے کے دوران گورنر خیبر پختونخوا کیجانب سے شاندار مہمان نوازی اور پرتپاک استقبال کا شکریہ ادا کیا۔
جاپانی سفیر نے گورنر کو جائیکا کے زیر انتظام صوبہ میں بعض منصوبوں میں حائل رکاوٹوں سے متعلق بھی آگاہ کیا جس پر گورنرنے کہاکہ جائیکا کے زیرانتظام منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے متعلقہ حکام کیساتھ اجلاس منعقد کیا جائیگا۔جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں قدرتی آفات زلزلہ، سیلاب، ماہی گیری، لائیوسٹاک، صحت، تعلیم اور بالخصوص ضم اضلاع کے بلدیاتی نمائندوں کی استعداد بڑھانے سے متعلق جاپان حکومت کے منصوبے جاری ہیں اور گورنر خیبرپختونخوا کیجانب سے نشاندہی کئے جانیوالے عوامی مفاد کے منصوبوں میں بھی تعاون کیا جائے گا، آخر میں گورنر نے جاپانی سفیر کو گورنر ہاؤس آمد پر تحفہ بھی پیش کیا۔