پشاور۔ 22 جنوری (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاڑا چنار ضلع کرم سے طوری و بنگش قوم کے نمائندہ وفد کی گورنر ہائوس میں ملاقات کی ہے۔ملاقات میں انجمن حسینیہ پاڑا چنار ضلع کرم کے سیکرٹری جنرل جلال حسین طوری کی قیادت میں وفد نے گورنر خیبر پختونخوا کو ضلع کرم کے موجودہ حالات سے آگاہ کی۔وفد نے 3 مہینوں سے مرکزی شاہراہ کی بندش سے انسانی بحران، ادویات کی کمی و اشیائے خوراک کی قلت سمیت دیگر عوامی مشکلات سے آگاہ کیا۔
وفد نے متاثرین کی امداد، مسافر بسوں پر حملہ کے شہداء و زخمیوں کو امدادی پیکج کی فراہمی کیلئے تعاون کی درخواست کی ۔وفد نے حالیہ اشیائے خوراک کے قافلے کو لوٹنے سے 5 ارب کا نقصان اور اس حملہ کو انسانیت دشمن جرم قرار دیا۔ملاقات میں ضلع کرم میں خوارج کیخلاف ہونیوالے آپریشن کو حقیقی معنوں میں منطقی انجام کو پہنچنا چاہئے۔وفد نے ضلع کرم کے حالیہ افسوسناک واقعات و عوامی مسائل کو ہر فورم پر اجاگر کرنے اور انکے حل کیلئے سنجیدہ کاوشوں پر گورنر کا دلی شکریہ ادا کیا۔
ملاقات میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ معاہدہ پر دستخط ہونے کے بعد ضلع کرم میں حالات کا نارمل نہ ہونا انتہائی افسوسناک ہے، ضلع کرم کے شہری پاکستانی ہیں، وہاں نامساعد حالات سے پوری قوم پریشان ہوتی ہے،علاقائی امن و امان کیلئے مقامی عمائدین و اکابرین اور نوجوانوں کے مثبت کردار کی ضرورت ہے، ضلع کرم کے قبائل مہمان نواز اور ریاست کے وفادار ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقائی، صوبائی اور ملکی سطح پر امن دشمنوں کو متحد ہو کر شکست دینی ہوگی۔