گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے اوورسیز پاکستانیز گلوبل فائونڈیشن کےراہنما کی ملاقات

104
Faisal Karim Kundi
Faisal Karim Kundi

اسلام آباد۔3فروری (اے پی پی):اوورسیز پاکستانیز گلوبل فائونڈیشن کے سرکردہ راہنما اور ناسو کائونٹی ایگزیکٹو نیویارک کے سینئر ایڈوائزر چوہدری اکرم نے پیر کو یہاں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال اور بالخصوص خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور دیگر مسائل پر گفتگو کی گئی۔معروف کاروباری شخصیت محمد علی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ سرمایہ اور سفیر ہیں ملک کی معاشی ترقی میں وہ ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کررہے ہیں، پاکستان کی ترقی اور نیک نامی میں بھی ان کا کردار کسی سے پوشیدہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں معاشی ترقی اور استحکام کے لیے قیام امن ناگزیر ہے، ہمارے صوبہ میں فروغ تعلیم پر توجہ انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان با صلاحیت ہیں، انہیں سرپرستی اور راہنمائی کی ضرورت ہے، اوورسیز پاکستانی اس حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چوہدری اکرم نے گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے ویمن امپاورمنٹ یوتھ انگیجمنٹ اور خیبر پختونخوا کا سافٹ امیج روشن کرنے کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد اور متفق ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں قیام امن کے لیے سکیورٹی فورسز کی خدمات اور قربانیوں کو کسی صورت میں اوورسیز پاکستانی فراموش نہیں کر سکتے۔