گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پی ایف یو جے ورکرزکی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال کی قیادت میں وفد کی ملاقات

245

اسلام آباد۔12دسمبر (اے پی پی):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) ورکرز کی صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔

جمعرات کو گورنر ہائوس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں صحافیوں کو درپیش مسائل، آزادی صحافت اور ورکنگ جرنلسٹس کے حقوق کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے گورنر کو صحافیوں کو درپیش چیلنجز، خاص طور پر میڈیا ورکرز کے مالی مسائل، ملازمت کے تحفظ اور صحافت کے شعبے کو درپیش بحرانوں پر تفصیل سے آگاہ کیا۔ وفد نے میڈیا ہائوسز میں کارکنوں کے حقوق کے تحفظ اور تنخواہوں کی بروقت ادائیگی کے لیے حکومت سے مداخلت کی درخواست کی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفد کے مسائل غور سے سننے کے بعد یقین دہانی کرائی کہ پیپلز پارٹی آزادی صحافت اور میڈیا ورکرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون ہے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے لیے ایک جامع پالیسی تشکیل دینا ضروری ہے جس میں ان کے سماجی تحفظ اور ملازمت کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ صحافیوں کو چاہیے کہ وہ غیر جانبداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور عوام کو صحیح معلومات فراہم کریں۔ وفد نے گورنر خیبرپختونخوا کے مثبت ردعمل اور صحافیوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کے عزم کو سراہا۔