گورنر رضا باقر نے’آسان موبائل اکائونٹ‘ کا افتتاح کر دیا، برانچ لیس بینکاری کھاتے کھولے جاسکیں گے

95

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):سٹیٹ بینک کے گورنر ڈاکٹر رضا باقر نے آسان موبائل اکائو نٹ‘ کا افتتاح کردیا۔ ’آسان موبائل اکائو نٹ‘ سے موبائل فون پر *2262# کوڈ ڈائل کرنے سے برانچ لیس بینکاری اکاونٹ کھولا جا سکے گا۔ بعد ازاں اکائو نٹ ہولڈر کسی بھی برانچ لیس بینکاری ایجنٹ کے پاس جا کر اپنے اکاو نٹ میں رقم جمع کرا سکے گا/گی اور اس رقم کو موبائل فون کے ذریعے استعمال کر سکے گا/گی۔

آسان موبائل اکائونٹ‘ ملک میں ڈیجیٹل مالی شمولیت کے فروغ کا مالی شمولیت کی قومی حکمتِ عملی کا ہدف حاصل کرنے کی غرض سے اسٹیٹ بینک کا ایک اقدام ہے، اس کے لئے کئی اداروں نے اہم معاونت کی جن میں پی ٹی اے، نادرا، برانچ لیس بینکاری فراہم کنندگان، سیلولر موبائل آپریٹرز اور ورچوئل ریمی ٹنس گیٹ وے (وی آر جی) شامل ہیں۔ موبائل بینکاری انٹر آپریبلٹی کے لیے ضوابط کے تحت وی آر جی کو اسٹیٹ بینک اور پی ٹی اے نے مشترکہ طور پر لائسنس دیا ہے۔

افتتاحی تقریب کی صدارت گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے کی، تقریب سے ڈپٹی گورنر سیما کامل، چیئرمین پی ٹی اے میجر (ر) عامر عظیم باجوہ ہلالِ امتیاز (ملٹری)، چیئرمین نادرا محمد طارق ملک اور چیئرمین وی آر جی اکرام سہگل نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں برانچ لیس بینکاری سہولت فراہم کرنے والے 13 اداروں کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔

مفاہمت کی اِس یادداشت کا مقصد ان اداروں کے اِس عزم کو مستحکم کرنا ہے کہ وہ مالی شمولت کی قومی حکمتِ عملی کے وژن کے مطابق مزید اختراعات کے لیے اپنا اشتراک جاری رکھتے ہوئے صارفین کو سہولتیں دیتے رہیں گے۔ ڈاکٹر رضا باقر نے اشتراک کرنے پر اسٹیک ہولڈرز کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ’آسان موبائل اکاو نٹ‘ سے بینک اکاؤنٹ کھولنے میں نمایاں اضافہ ہو گا اور انٹرنیٹ تک کم رسائی یا برانچ لیس بینکاری آؤٹ لیٹس/بینک برانچوں سے دوری پاکستانیوں کے لیے مالی خدمات تک رسائی میں رکاوٹ نہیں رہے گی۔

اب کسی بھی موبائل فون (اسمارٹ یا سادہ فیچر فون) سے یو ایس ایس ڈی کوڈ *2262# ڈائل کرکے انٹرنیٹ کنکٹی وٹی کے بغیر کسی بھی موبائل نیٹ ورک کے ذریعے اکاؤنٹ کھولا جاسکتا ہے۔ برانچ لیس بینکاری خدمات فراہم کرنے والے فی الحال 13 میں سے کسی ایک کا ادارے کا انتخاب کرنے کا صارفین کو اختیار ہوگا۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہاکہ آسان موبائل اکاو?ٹ‘ ملک میں ڈیجیٹل رسائی اور رسمی مالی سہولتوں کا استعمال بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بایو میٹرک تصدیق شدہ موبائل صارفین کی تعداد 187 ملین سے زائد ہے جن کی ٹیلی ڈینسٹی تقریباً 85 فیصد ہے تاہم صرف 106 ملین تھری جی/ فور جی صارفین ہیں جن میں موبائل انٹرنیٹ کی رسائی 48 فیصد ہے۔

اس طرح ہمیں تقریباً 81 ملین موبائل فون صارفین کی ممکنہ مارکیٹ حاصل ہے جنہیں انٹرنیٹ تک رسائی حاصل نہیں ہے اور وہ ’آسان موبائل اکاونٹ‘صارفین بن سکتے ہیں بشرطیکہ انہیں مناسب قیمت تجویز کی جائے۔ آسان موبائل اکاونٹ‘ خاص طور پر کم آمدنی والے طبقوں کے لیے مددگار ہوگا، جن کے پاس نہ تو ڈیجیٹل فون ہیں اور نہ ہی وہ انٹرنیٹ سے محرومی کے باعث موبائل بینکاری سے مستفید ہوسکتے ہیں، کیونکہ مالی خدمات کے حصول کے لئے ’آسان موبائل کا پراسس اتنا سادہ ہے جیسے ایک کوڈ ڈائل کرنا۔

مزید برآں ’آسان موبائل اکائو نٹ‘ پاکستانی خواتین صارفین کو مرکزی دھارے میں لانے کا بھی نہایت موزوں پلیٹ فارم ہوگا کیونکہ انہیں نقل و حرکت، ثقافتی اور دستاویزی مسائل کی وجہ سے باضابطہ مالی خدمات کے حصول میں بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔