گورنر سندھ سے مولانا عبدالخبیر آزاد کی ملاقات،قومی یک جہتی میں علمائے کرام کے کردار سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

111
گورنر سندھ سے مولانا عبدالخبیر آزاد کی ملاقات،قومی یک جہتی میں علمائے کرام کے کردار سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

کراچی۔ 09 جون (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے مرکزی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی،ملاقات میں قومی یک جہتی میں علمائے کرام کے کردار، فلاحی ریاست کی تشکیل اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس اگست میں گورنر ہائوس میں کرانے پر اتفاق کیا گیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہائوس میں عیدالاضحیٰ کے ایام میں انشاءاللہ 100 اونٹوں کی قربانی کریں گے۔بعد ازاں گورنر سندھ کے ہمراہ چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے آئی ٹی مارکی کا دورہ کیا، اس موقع پر طلباءنے مولانا عبدالخبیر آزاد کا پرتپاک استقبال کیا۔گورنر سندھ نے آئی ٹی کے طلباسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر ہائوس میں طالب علموں کو آئی ٹی کے کورسز کی تعلیم مفت فراہم کی جارہی ہے،

انہوں نے مزید کہا کہ آج نوجوان آئی ٹی کورسز سے ماہانہ کئی سو ڈالرز کما رہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ انشاءاللہ یہ نوجوان 15 سے 20 لاکھ تک ماہانہ کمائیں گے۔چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے آئی ٹی کے طلباءسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس شاندار اقدام پر گورنر سندھ کو مبارک باد دیتا ہوں،نئی نسل کے لئے ان کا یہ اقدام مثالی ثابت ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم سب کو مل کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کرنا ہوگا۔مولانا عبدالخبیر نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے آج علم کی روشنی کے لئے کھل چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مزید 6 اضلاع میں آئی ٹی کورسز کا آغاز انتہائی خوش آئند ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں نوجوانوں کا کلیدی کردار ہے۔چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے گورنر سندھ کے ہمراہ طاقتور پاکستان کے تحت راشن بیگز کا معائنہ کیا اور امید کی گھنٹی کا دورہ بھی کیا۔اس موقع پر گورنر سندھ نے مولانا عبدالخبیر کو امید کی گھنٹی کے اغراض و مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا۔