گورنر سندھ عمران اسماعیل سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی ملاقات

52

کراچی۔13اکتوبر (اے پی پی):گورنر سندھ عمران اسماعیل سے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی ۔گورنر سندھ نے ایڈمرل امجد نیازی کو پاک بحریہ کی کمان سنبھالے پر مبارکباد دی ۔ ملاقات میں پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت، ملک کی سمندری حدود کے تحفظ میں اس کے کردار پر تبادلہ خیال کے ساتھ مسلسل بحری مشقوں کے ذریعہ مہارت میں اضافہ اور پاک بحریہ کی شاندار تاریخ پر بھی بات چیت کی گئی ۔ اس موقع پر گورنرسندھ نے کہا کہ پاک بحریہ قوم کا قابل فخر ادارہ ہے جو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اور پیشہ ورانہ بحری صلاحیتوں سے مالا مال ہے ،سمندری حدود کی ضامن پاک بحریہ نے ہر مشکل وقت میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا جو کہ قابل ستائش ہے ۔ گورنرسندھ نے کہا کہ آپ کی قیادت پاک بحریہ کی پروفیشنل مہارت میں نمایاں اضافہ ،جدید خطوط پرکیڈٹ کی تربیت، عصری تقاضوں کے مطابق پاک بحریہ کی ضروریات اور ٹیکنالوجی کی جدت سے پاک بحریہ کو لیس کرنے میں اہم ثابت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ انسانی اسمگلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام میں بھی اہم کردار ادا کر رہی ہے جو کہ خوش آئند ہے ۔\