کراچی۔ 26 فروری (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے فلاحی اقدامات اور "امید کی گھنٹی” انیشی ایٹو کی بازگشت فیصل آباد تک جا پہنچی،فیصل آباد کے نوجوان عثمان چنیوٹی نے گورنر سندھ کے عوام دوست طرز سیاست اور فلاحی خدمات کی دل کھول کر تعریف کی اور انٹرویو میں ان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی۔گورنر ہاوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے فیصل آباد کے نوجوان عثمان چنیوٹی کی انٹرویو میں کی گئی درخواست پر اسے ملاقات کے لیے گورنر ہاؤس مدعو کر لیا۔
عثمان چنیوٹی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہے۔ وہ بغیر کسی تفریق کے عوامی خدمت میں مصروف ہیں، یہی وجہ ہے کہ پورے ملک میں ان کے انیشی ایٹوز کو سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "امید کی گھنٹی” صرف سندھ ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے روشنی کی کرن ہے اور دیگر صوبوں کو بھی ایسے انیشی ایٹوز شروع کرنے چاہئیں تاکہ نوجوانوں کو بہتر تعلیمی اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
عثمان چنیوٹی نے گورنر سندھ کے آئی ٹی انیشی ایٹو کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ 50 ہزار نوجوانوں کو مفت آئی ٹی تعلیم فراہم کرکے انہیں روزگار کے قابل بنانا ایک انقلابی قدم ہے، جس سے پاکستان کا مستقبل روشن ہوگا۔انہوں نے گورنر سندھ کی جانب سے کیے جانے والے سماجی و فلاحی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے حکومتی نمائندے بہت کم دیکھنے کو ملتے ہیں جو اپنے آرام کو چھوڑ کر دن رات عوام کے لیے کام کر رہے ہوں۔عثمان چنیوٹی نے امید ظاہر کی کہ وہ جلد گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے ملاقات کریں گے اور ان کے انیشی ایٹوز سے مزید سیکھنے کا موقع ملے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566720