گورنر پنجاب سلیم حیدر خان کا دورہ راولپنڈی ، یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

24
گورنر پنجاب سلیم حیدر خان کا دورہ راولپنڈی ، یوم عاشور پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

راولپنڈی۔6جولائی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یوم عاشور کے موقع پر راولپنڈی کا دورہ کیا اور راجہ بازار میں مرکزی جلوس کے راستوں پر سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انتظامیہ پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوم عاشور حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔

حضرت امام حسینؓ نے ظلم کے خلاف جہاد کر کے دنیا کو صبر، قربانی، اصول پرستی اور حق کا پیغام دیا۔ انہی کی قربانی کی بدولت آج اسلام زندہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہل بیت سے محبت ہمارے ایمان کا جزو لاینفک ہے جس پر ہمیں فخر ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں بھی امام حسینؓ کے راستے پر چلنے اور حق و سچ کے لیے ثابت قدم رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ گورنر پنجاب نے شہر میں کیے گئے سکیورٹی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے مؤثر اور جامع سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عاشورہ کے جلوس پر امن انداز سے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں جو کہ عوام، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بہترین ہم آہنگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ رضاکاروں کی خدمات کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ رضا کاروں، امن کمیٹی، علمائے کرام اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے امن و امان برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

دورے کے دوران گورنر پنجاب نے عوام سے بھی ملاقات کی اور ان کے جذبات و خیالات کو سنا۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عاشورہ کے جلوسوں کی مکمل نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔