لاہور۔7مئی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے فن لینڈ کے سفیر ہنو ریپاتی نے بدھ کے روز گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں فن لینڈ کی اعزازی قونصل جنرل بھی موجود تھیں۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور بھارت کی حالیہ جارحیت پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ انڈیا سب سے بڑی دہشت گرد ریاست ہے جس نے نہ صرف پاکستان بلکہ آ سٹریلیا اور کینیڈا میں سکھوں کو بھی دہشت گردی کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج نے پاکستان کی شہری آبادیوں میں معصوم لوگوں کو نشانہ بناکر اپنی بزدلانہ کاروائیوں کا ثبوت دیا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اس کے جواب میں ہماری پاک فوج نے بھارت کی شہری آبادیوں اور نہتے لوگوں کو نشانہ نہیں بنایا بلکہ اپنے دفاع کے لیے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے ان کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری قوم بھارت کے جنگی جنون کے خلاف اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔گورنر پنجاب نے مزیدکہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن بھارت اس کو ہماری کمزوری نہ سمجھے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے بارڈر، کے پی کے بالخصوص بلوچستان میں حالات خراب کرنے میں بھارت ملوث ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت دہشتگرد تنظیموں کو فنڈنگ کرکے پاکستان میں عدم استحکام کی صورتحال پیدا کرتاہے۔انہوں نے کہا کہ پہلگام حملہ کا ڈرامہ انڈیا نے خود رچایا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان تو پہلے ہی دہشت گردی کا شکار ہے۔ سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پاکستان فن لینڈ کے ساتھ تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔اس موقع پر فن لینڈ کے سفیر ہنو ریپاتی نے بھارت کی جارحیت کے خلاف پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا اور معصوم شہریوں کی شہادت پر تعزیت کی۔
گورنر پنجاب نے فن لینڈ کے سفیر کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھائیں گے۔ فن لینڈ کے سفیر نے کہا کہ پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون اور ایکسچیج پروگرام جاری ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=594134