لاہور۔12ستمبر (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے پیر کو گورنر ہائوس لاہور میں وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کے معاشی حالات اور سیلاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے وفاقی و صوبائی حکومتیں اورادارے ایک پیج پر ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور ریڈ کریسنٹ کے رضا کار سیلاب متاثرہ علاقوں میں جا کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی میڈیکل ٹیمز بھی سیلاب متاثرہ علاقوں میں روانہ کی جا چکی ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں پوری وفاقی کابینہ اور حکومت کوشاں ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اس مشکل اور مصیبت کی گھڑی میں ہمیں قوم کو امید دینی ہے نہ کہ مایوسی پھیلانی ہے۔انہوں نے کہا کہ حالاات مشکل ضرور ہیں لیکن معیشت کے اشاریوں سمیت دیگر شعبوں میں استحکام آیا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑے ہیں، انشا اللہ پوری کوشش ہے کہ جلد حالات کو بہتر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی بدولت ملک کی معیشت درست سمت کی طرف گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب کی وجہ سے معاشی دبا اور بڑھ گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مقامی ٹریکٹر کی صنعت کے فروغ کے لیے آٹو پارٹس کی امپورٹ کو آسان بنایا جائے گا۔