گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے ریمون میگ سائے سائے ایوارڈفائونڈیشن کے وفدکی ملاقا ت

74
Governor Punjab Muhammad Balighur Rehman
Governor Punjab

لاہور۔28اپریل (اے پی پی):گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں ریمون میگ سائے سائے ایوارڈفائونڈیشن کے وفدنے ملاقا ت کی۔وفد میں ریمون میگ سائے سائے ایوارڈ فائونڈیشن کی چیئرپرسن سسیلیالازارو،اخوت فاونڈیشن کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب اور ریمون میگ سائے سائے ایوارڈ فائونڈیشن اور اخوت فائونڈیشن کے چیف کوآرڈینیٹر ابوبکر صدیق سمیت دیگر عہدیداران شامل تھے ۔

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ ایسے فلاحی ادارے جو انسانیت کی بھر پور خدمت کررہے ہیں ، ان کی حوصلہ افزائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی کام کرنے والوں کی حوصلہ افزائی سے معاشرے میں دوسرے لوگوں میں اچھے کام کی تحریک پیدا ہوتی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جواپنی زندگیوں کو نوع انسانی کے لئے وقف کردیتے ہیں وہ عظیم ہیں۔ انہوں نے اخوت فائونڈیشن کے سربراہ امجد ثاقب کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہیں ریمون میگ سائے سائے فائونڈیشن ایوارڈ ملنا پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اخوت، ایدھی،انڈس فائونڈیشن اور ان جیسے دیگر ادارے غربت ختم کرنے اور سماجی ترقی میں حکومت کے شانہ بشانہ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو ممالک کے درمیان تعلقات میں عوامی سطح پر روابط بہت اہمیت رکھتے ہیں،بہت سے غیرملکی وفود ان سے ملتے ہیں تو بتاتے ہیں کہ پاکستان سے پہلے میڈیا سے جو تاثر ملا تھا یہاں آ کر بالکل اس کے برعکس پایا۔ وفد کے شرکا نے گورنر پنجاب کا گورنر ہائوس مدعو کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے لوگ بہت مہمان نواز ہیں اور یہاں کی ثقافت بہت خوبصورت ہے۔اس موقع پر وفد کو گورنر ہائوس کا دورہ بھی کرایا گیا۔