گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورکی صنعت کاروں کے وفد سے گفتگو

62

لاہور۔3 نومبر(اے پی پی )گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سی پیک ملک کی اکانومی کے لئے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہو گا جس کی تکمیل سے نہ صرف ملکی معیشت مضبوط ہو گی بلکہ غربت و بیروزگاری کا خاتمہ اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے، سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر صنعت کاروں اور بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کئے جائیں گے، صنعت کاروں کو ساز گار ماحول فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ ملک کی معیشت کو بہتر بنانے کے لئے اپنا بھر پور کردار اداکر سکیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صنعت کاروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہاوس لاہور میں ان سے ملاقات کی،گورنر پنجاب نے کہا کہ معاشی ترقی سے نہ صرف بے شمار مسائل حل ہوں گے بلکہ بحرانوں پر بھی قابو پایا جا سکے گا ، انہوں نے کہا کہ اس سے شہریوں کو انصاف بھی ملے گا اور امن و امان کی صورت حال میں بھی خاطر خواہ مثبت تبدیلی آئے گی ،انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے تبدیلی جو نعرہ لگایا ہوا ہے اس کے حقیقی معنی یہی ہیں کہ عام آدمی کو احساس ہی نہیں بلکہ یقین ہو کہ وہ امور حکومت میں مکمل طور پر شریک ہے ، گورنر پنجاب نے کہا کہ ہماری صنعتوں کا اسی صورت موثر طریقے سے پہیہ رواں دواں ہو گا جب انہیں ان کی ضروریات کے مطابق ماحول میسر ہو گا ، گورنر پنجاب نے کہا کہ حکومت نے ٹیکسٹائل انڈسٹری کے لئے گیس کے یکساں نرح مقرر کر دئیے ہیں جس سے نہ صرف ٹیکسٹائل انڈسٹری کو فروغ حاصل ہو گا بلکہ ایکسپورٹ میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو گا ۔