لاہور۔21جنوری (اے پی پی):گورنر پنجاب و چانسلرسردار سلیم حیدر خان نے پنجاب یونیورسٹی میں ایک طلبہ تنظیم کی جانب سے 3طلبا پر تشدد کے معاملے کا سخت نوٹس لیا ہے۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان منگل کے روز پنجاب یونیورسٹی گئے جہاں وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں تشدد کے واقعات کسی صورت قابل برداشت نہیں، انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں پر امن ماحول کے قیام کیلئے چانسلر آفس مکمل سپورٹ فراہم کرے گا۔گورنر پنجاب نے وائس چانسلر کو ہدایت کی کہ تشدد میں ملوث طلبا کے خلاف قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں میں پر امن ماحول تعلیمی ترقی کا ضامن ہے۔
وائس چانسلر پنجاب یونورسٹی ڈاکٹر محمدعلی نے کہا کہ جامعہ پنجاب میں ڈسپلنری کمیٹی نے جھگڑوں میں ملوث طلبا کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 9 طلبا کو یونیورسٹی سے نکال دیا گیا ہے جبکہ3طالبعلموں پر حملے میں ملوث طلبا کے خلاف ایف آئی آر درج کرا دی گئی ہے ۔
گورنر پنجاب نے پنجاب یونیورسٹی تشدد کیس میں زخمی ہونے والے طالب علموں کی عیادت بھی کی ۔اس موقع پرجنرل سیکرٹری پیپلز پارٹی وسطی پنجاب سید حسن مرتضی ، چوہدری اسلم گل، احسن رضوی ، فیصل میر ، سبط حسن و دیگر ہمراہ تھے۔علاوہ ازیں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان چیئرمین دنیا میڈیا گروپ ، پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن میاں عامر محمود کی رہائش گاہ پر گئے جہاں انہوں نے میاں عامر محمود سے ان کی خوشدامن کے انتقال پر تعزیت کی۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر مرحومہ کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=549409