33.2 C
Islamabad
بدھ, مئی 14, 2025
ہومقومی خبریںگورنر پنجاب کی سی ایم ایچ لاہور آمد، زخمی غازیوں کی عیادت...

گورنر پنجاب کی سی ایم ایچ لاہور آمد، زخمی غازیوں کی عیادت کی

- Advertisement -

لاہور۔14مئی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بدھ کے روز سی ایم ایچ لاہور کا دورہ کیا،جہاں انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے زخمی ہونے والے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی عیادت کی۔ ترجمان گورنر ہائوس کے مطابق گورنر پنجاب نے زخمی غازیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور ان کی بہادری و قربانی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ دشمن دیکھ لے کہ ہماری فوج کا جذبہ پہلے سے کہیں زیادہ بلند ہے،مجھے اپنی پاک فوج کے بہادر جوانوں پر فخر ہے جنہوں نے دشمن کو ناکوں چنے چبوا دیئے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور اس نازک وقت میں پوری قوم متحد ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے پاک فضائیہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیئے گئے،جس کا اعتراف پوری دنیا نے کیا۔سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھا کہ بری،بحری اور فضائی افواج کے سربراہان دشمن کی ہر حرکت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں اور افواجِ پاکستان ہر محاذ پر مستعد اور تیار ہیں۔بعد ازاں گورنر پنجاب نے زخمی جوانوں کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی۔والدین نے گورنر کو بتایا کہ وہ وطن کی خاطر ایک نہیں بلکہ اپنے مزید بیٹے بھی قربان کرنے کیلئے تیار ہیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596911

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں