کراچی۔ 07 مارچ (اے پی پی):گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کی میزبانی میں گورنر ہاؤس میں پانچویں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں کراچی کے شہریوں سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
گورنر سندھ نے گورنر ہاؤس میں آنے والے مہمانوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا، جبکہ شہریوں نے ان کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بھی بنوائیں۔ اتحاد رمضان افطار کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کو درپیش مسائل ضرور ہیں، لیکن میں یقین دلاتا ہوں کہ یہ جلد ختم ہو جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گورنر ہاؤس میں غریب افراد کے 50 ہزار بچوں کو آئی ٹی کے مفت کورسز کرائے جا رہے ہیں، جس کے نتیجے میں 11 ماہ کے اندر کئی طلبہ پانچ سے آٹھ لاکھ روپے ماہانہ کما رہے ہیں۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہاؤس سے مستحقین میں راشن بیگز کی تقسیم جاری ہے، جبکہ "امید کی گھنٹی” کے ذریعے عوام کے مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ "حوصلہ نہیں چھوڑنا، امید نہیں ہارنی، ہمت کرنی ہے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ "اس صوبے میں کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دوں گا، اور جو بھی پاکستان پر میلی نظر ڈالے گا، ہمارے نوجوان اس کا مقابلہ کریں گے”۔ اتحاد رمضان افطار کے موقع پر ہونے والی قرعہ اندازی میں مردان کے رہائشی شہباز ولد جاوید احمد کا عمرہ کا ٹکٹ نکلا، جبکہ محمد جاوید ولد محمد شریف کے نام اسمارٹ سٹی میں 120 گز کا پلاٹ نکلا۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کامیاب افراد کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ سلسلہ رمضان المبارک کے دوران بھی جاری رہے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570000