گورنر ہاوس پشاور میں متاثرین کرم کیلئے امداد کی تقریب ، چئیرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر نے ایک کروڑ روپے کا چیک حوالے کیا

91

پشاور۔ 24 جنوری (اے پی پی):گورنر ہاوس پشاور میں متاثرین ضلع کرم کیلئے امداد فراہمی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔گورنر ہاوس سے جاری شدہ بیان کے مطابق تقریب میں صوبہ سندھ سے چئیرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر و صدر لوکل کونسل ایسوسی ایشن سید کمیل حیدر شاہ کی وفد کے ہمراہ شرکت کی۔چئیرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر نے گورنر خیبرپختونخوا کو ضلع کرم متاثرین کی امداد کیلئے 1 کروڑ روپے کا چیک حوالے کیا۔چئیرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھرسید کمیل شاہ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوکل کونسل ایسوسی ایشن کی جانب سے متاثرین ضلع کرم کیلئے 2 کروڑ روپے مالیت کی امداد کی جائے گی، 1 کروڑ کی مزید رقم جلد گورنر خیبر پختونخوا کے ذریعے انجن ہلال احمر خیبرپختونخوا و ضم اضلاع کے حوالے کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ چئیرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر متاثرین ضلع کرم کیلئے 2 کروڑ امداد اپنا فرض سمجھ کر ادا کی ہے، امدادی رقم انجمن ہلال احمر خیبرپختونخوا و ضم اضلاع کے ذریعے ضلع کرم متاثرین پر خرچ کی جائے گی۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کندی نے کہا کہ لوکل کونسل ایسوسی ایشن کی جانب سے کرم متاثرین کی انسانی بنیادوں پر امداد بھائی چارے اور اخوت کی بہترین مثال ہے، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل شاہ کا گورنر ہاوس پشاور آمد اور امدادی رقم پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان، سندھ، پنجاب کے وزرا اعلیٰ نے بھی مشکل وقت میں کرم کے عوام کا ساتھ دیا

کرم میں امن بحال ہورہاہے اور ہماری پوری کوشش ہے کہ کرم میں مکمل طور پر امن وامان کو بحال کیاجائے۔