سرگودہا۔17اگست (اے پی پی):گورنمنٹ انبالہ مسلم گریجوایٹ کالج سرگودھا کے اساتذہ اور طلبہ کی جانب سے شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں گورنمنٹ انبالہ مسلم گریجوایٹ کالج سرگودھا میں شجر کاری کے فوائد کے موضوع پر تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر راجہ محمد اظہر عباس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے معاشرے میں شجر کاری کی ضرورت، اہمیت اور فوائد کے شعور کو اجاگر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
پوری دنیا اس حوالے سے منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ پودے لگانا اور ان کی حفاظت کرنا اچھے ماحول کے لیے ناگزیر ہے۔ پنجاب حکومت اور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اس حوالے سے خصوصی احکامات جاری کیے ہیں، جن پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ یہ شجر کاری مہم ایک ماہ تک مسلسل جاری رہے گی۔ اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس دوران میں تمام اساتذہ کم از کم دو پودے، جب کہ ہر طالب علم کم از کم ایک پودا لگائے گا۔ تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی پروفیسر ڈاکٹر راجہ محمد اظہر عباس نے شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے اپنے ہاتھوں سے پودا لگایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ اسی جوش و خروش سے جاری رہے گا۔