گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورمیں جشنِ آزادی کے حوالے سے رنگا رنگ تقریب کا انعقاد
پاکستان کی ترقی کےلئے مسلسل محنت اور جدوجہدکی ضرورت ہے ،وائس چانسلر کا تقریب سے خطاب
لاہور۔14 اگست (اے پی پی )گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہورمیں جشنِ آزادی کے حوالے سے رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر ملک میں امن اور ترقی کے لیئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔جی سی یو کی نذیر احمد میوزک سوسائٹی نے ملی نغمے پیش کیئے ۔پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کےلئے مسلسل محنت اور جدوجہدکی ضرورت ہے ۔وائس چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ درسگاہیں قومی شعور،ملکی یکجہتی اور جذبہ اخوت کے فروغ میں مرکزی کرداراداکرتی ہیںلہذا انہیں مزید مستحکم تعلیمی بنیادوں پر استوار کرنا ہوگا۔انہوں نے اساتذہ کو تلقین کی کہ ان پر طلباءکی تربیت کی اہم ذمہ داری ہے جسے وہ احسن طریقے سے نبھائیں اور اپنے فرائض ایمانداری اور محنت سے سر انجام دیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر سلطان شاہ نے کہا کہ اقوام عالم میں کچھ دن غیر معمولی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں،زندہ قومیں اپنے قومی دن انتہائی جوش وخروش سے مناتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ 14اگست کا دن ہم سب سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم آزادی جیسی نعمت کی قدر کریں اور اقوامِ عالم میں اپنے پیارے وطن کی سر بلندی اور وقار کے لیئے کوشاں رہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=66074