گورو نانک دیوجی کے جنم دن ت کی تقریبات میں شرکت کے بعد سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے بھار ت روانہ ہو گئے

238
Guru Nanak Devji

لاہور۔4دسمبر (اے پی پی):گورو نانک دیوجی کے 554ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے بعد سکھ یاتری پیر کے روز واہگہ بارڈر کے راستے بھار ت روانہ ہو گئے، واہگہ چیک پوسٹ پر ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سلیم نے انہیں نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا،

ترجمان متروکہ وقف املاک بورڈ کے مطابق بھارتی سکھ یاتریوں نے سوموار کی صبح گورودوارہ شری ڈیرہ صاحب میں مذہبی رسومات ادا کیں اور الوداعی ماتھا ٹیکا۔ جس کے بعد انہیں متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کی جانب سے پر تکلف ناشتہ پیش کیا گیا، پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پر دھان سردار امیر سنگھ نے کمیٹی ممبران سردار ستونت سنگھ و دیگر کی ہمراہ یاتریوں کو خود ناشتہ پیش کیا،جس کے بعد سکھ یاتریوں کو مختلف گروپس کی صورت میں بسوں کے قافلے میں واہگہ چیک پوسٹ روانہ کیا،

جہاں امیگریشن اور کسٹمز کی ضروریات سے فراغت کے بعد انہیں چائے پیش کی گئی،بعد ازاں سکھ یاتریوں کو نیک تمناؤں کے ساتھ پاکستان سے رخصت کر دیا گیا۔سکھ یاتریوں کے جتھوں کے سربراہان، ڈپٹی لیڈرز و دیگر نے پاکستان میں اپنے طعام، قیام، ٹرانسپورٹ ، اور سیکورٹی کے لئے کئے گئے انتظامات کو لاجواب قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ، متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کے ساتھ ساتھ پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے ذمہ داروں کا بھی شکریہ ادا کیا،بھارتی سکھ یاتریوں کا واہگہ بارڈر پر الوداع کہنے والوں میں سردار امیر سنگھ، سردار ستونت سنگھ ، امجدالطاف، ندیم دھریجو، و دیگر بھی شامل تھے۔