گہرےبرادرانہ تعلقات پاکستان اورایران کےدرمیان یکجہتی کےمضبوط رشتوں کی بنیاد ہیں ،وزیر مملکت خارجہ امور حناربانی کھرکی ایرانی صدرکےنمائندہ خصوصی برائے افغانستان سے گفتگو

121
گہرے برادرانہ تعلقات پاکستان اور ایران کے درمیان یکجہتی کے مضبوط رشتوں کی بنیاد ہیں ،وزیر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر کی ایرانی صدر کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان سے گفتگو

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر سے ایرانی صدر کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان حسن کاظمی غومی نے ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات میں وزیر مملکت نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ گہرے برادرانہ تعلقات دونوں ممالک کے درمیان یکجہتی کے مضبوط رشتوں کی بنیاد ہیں۔

انہوں نے افغانستان کو درپیش متعدد پیچیدہ چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے افغان عوام کی مسلسل بہبود اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے عبوری افغان حکومت کے ساتھ بین الاقوامی برادری کی مستقل شمولیت کی اہمیت کا اعادہ کیا۔

وزیر مملکت نے افغانستان کے دوست اور پڑوسی ہونے کے ناطے اس مقصد کے لیے پاکستان اور ایران کے اہم کردار کا خاص طور پر ذکر کیا۔ اس سے قبل ایرانی نمائندہ خصوصی نے اپنے پاکستانی ہم منصب وزیراعظم کے معاون خصوصی محمد صادق سے بھی ملاقات کی۔

دونوں رہنمائوں نے علاقائی امن اور ترقی کے باہمی مضبوط اہداف کو آگے بڑھانے کے لیے تعاون مزید مضبوط کرنے پر اتفاق کیا۔