گیارہویں محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس چوہڑ چوک سے برآمد

60

راولپنڈی۔7جولائی (اے پی پی):گیارہویں محرم الحرام کا مرکزی ماتمی جلوس چوہڑ چوک سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں سے ہوتا ہوا دربار شاہ پیارا پہنچ کر پرامن طور پر اختتام پذیر ہو گیا۔ جلوس میں ہزاروں عزاداروں نے شرکت کی اور شہدائے کربلا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ مجالس عزا سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز ذاکرین نے حضرت امام حسینؑ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے واقعہ کربلا کو حق و باطل کے درمیان عظیم معرکہ قرار دیا۔

مقررین نے کہا کہ امام حسینؑ کا پیغام تا قیامت مظلوموں کی آواز اور عدل و انصاف کی علامت ہے۔ جلوس کے دوران نوحہ خوانی، ماتم داری، تعزیے اور ذوالجناح کی زیارت کا سلسلہ جاری رہا جو عزاداروں کے گہرے عقیدت مندانہ جذبات کی عکاسی کرتا رہا۔ سکیورٹی کے حوالے سے غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے۔ جلوس میں داخلے کے تمام راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے اور شرکاء کو مکمل تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔

آر پی او بابر سرفراز الپا، کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک، سی پی او سید خالد ہمدانی، ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار اور دیگر سینئر افسران فیلڈ میں موجود رہے اور سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کی۔ آر پی او نے بتایا کہ جلوس کی سکیورٹی پر 2100 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 200 سے زائد ٹریفک اہلکاروں نے فرائض انجام دیئے۔ مزید برآں محرم الحرام کے دوران مجموعی طور پر 8000 سے زائد اہلکار سکیورٹی پر تعینات رہے۔

جلوس کی نگرانی سیف سٹی راولپنڈی اور دیگر ذرائع سے 2000 سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی گئی۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران ضابطہ اخلاق اور حکومت پنجاب کے جاری کردہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا گیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایات کے مطابق راولپنڈی پولیس دن رات محنت اور جانفشانی کے ساتھ فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے میں مصروف عمل رہی۔