گیس کی مسلسل فراہمی سے کھاد کے پلانٹس پوری صلاحیت کے ساتھ چل سکیں گے، کافی پیداوار اور بفر سٹاک کے ساتھ یوریا بیگ کی قیمت مستحکم رہے گی ۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

گیس کی مسلسل فراہمی سے کھاد کے پلانٹس پوری صلاحیت کے ساتھ چل سکیں گے، کافی پیداوار اور بفر سٹاک کے ساتھ یوریا بیگ کی قیمت مستحکم رہے گی ۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

138

اسلام آباد۔17اگست (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ گیس کی مسلسل فراہمی سے کھاد کے پلانٹس پوری صلاحیت کے ساتھ چل سکیں گے، کافی پیداوار اور بفر سٹاک کے ساتھ یوریا بیگ کی قیمت مستحکم رہے گی ، مستحکم قیمت کسانوں اور دیہی معیشت کے لیے ایک اچھی خبر ہے، صوبائی حکومتیں مارکیٹ کی نگرانی میں اضافہ کریں تاکہ منافع خوروں کو قلت پیدا کرنے کا کوئی موقع نہ ملے۔

نائب وزیر اعظم کے دفتر سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت یوریا کی دستیابی کے حوالے سے دفتر خارجہ میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت یوریا کی دستیابی کے حوالے سے اجلاس میں موجودہ خریف کے دوران یوریا کی دستیابی اور قیمتوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور آنے والے ربیع سیزن کے دوران گندم کی بوائی کے لیے کھاد کی وافر مقدار اور مناسب قیمت پر دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔

یوریا کی دستیابی پر اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو یوریا کی دستیابی پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں وزیر صنعت و پیداوار و نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویرحسین، وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک، وزیر تجارت جام کمال، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ، سیکرٹری صنعت و پیداوار، سیکرٹری پیٹرولیم اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس میں موجودہ خریف کے دوران یوریا کی دستیابی اور قیمتوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کے دوران آنے والے ربیع سیزن کے دوران گندم کی بوائی کے لیے کھاد کی وافر مقدار اور مناسب قیمت پر دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیٹرولیم ڈویژن اس بات کو یقینی بنائے گا کہ تمام فرٹیلائزر پلانٹس کو ربیع سیزن کے لیے گیس کی مسلسل فراہمی کی جائے ۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گیس کی مسلسل فراہمی درآمدات اور زرمبادلہ کے نقصان کو بچایا جا ئے۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ گیس کی مسلسل فراہمی سے کھاد کے پلانٹس پوری صلاحیت کے ساتھ چل سکیں گے، کافی پیداوار اور بفر سٹاک کے ساتھ یوریا بیگ کی قیمت مستحکم رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم قیمت کسانوں اور دیہی معیشت کے لیے ایک اچھی خبر ہے۔ نائب وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں پر بھی زور دیا کہ وہ مارکیٹ کی نگرانی میں مزید اضافہ کریں تاکہ قیمتیں برقرار رہیں اور منافع خوروں کوکسی بھی کونے میں قلت پیدا کرنے کا کوئی موقع نہ ملے۔