گوجرانوالہ ۔ 17 اپریل (اے پی پی):کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید نوید حیدر شیرازی نے کہا ہے کہ سندس فاؤنڈیشن ہمیشہ کی طرح ہیموفیلیا جیسے اہم مسئلے پر آواز بلند کر رہا ہے اورانکا معاشرے کیلئے کام بے مثال ہے جو مستحق اور نادار مریضوں کے لیے امید کی ایک کرن ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندس فاونڈیشن کے زیر اہتمام قائداعظم ڈویژنل پبلک سکول اینڈ کالج (QDPS) گوجرانوالہ میں ہیموفیلیا کے عالمی دن کی مناسبت ایک بھرپور آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور سیمینار کے بعد آگاہی واک کی بھی قیادت کی ۔
پرنسپل ادارہ محمد ساجد جمال خان، ڈائریکٹر سندس فاونڈیشن سرفراز خان ،پروفیسر تحریم اور مسز منیب شقیب (کوتھم کالج) نے بھی شرکت کی اور اس مہم کو سراہا۔سیمینار میں طلباءو طالبات، اساتذہ اور شہریوں نے بھرپورحصہ لیا اور ہیموفیلیا کے خلاف شعور بیدار کرنے میں کردار ادا کیا۔
مقررین نے سندس فاونڈیشن کی انسانیت کی خدمت کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ سندس فاؤنڈیشن کے کام کو مزید آگے بڑھانے کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرینگے تاکہ تھیلیسیمیا اور ہیموفیلیا کے مریضوں کو صحت کی سہولیات فراہم کی جاسکیں۔انہوں نے فاؤنڈیشن کے عملے کی محنت اور جذبے کو بھی سراہا اور کہا کہ یہ ادارہ انسانیت کی خدمت کا ایک بہترین عملی نمونہ ہے ۔
قبل ازیں سندس فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر سرفراز خان نےسندس فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے بریف کیا اور بتایا کہ اس وقت روازنہ کی بنیاد پر تھیلیسیمیا اور دیگر خون کی بیماریوں میں مبتلا مریض بچوں کا مفت علاج کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تھیلیسیمیا کا مرض کزن میرج سے پھیلتا ہے اور شادی سے پہلے ٹیسٹ کروا کر اس مرض کو بڑھنے سے روکا جا سکتا ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583525