ہار جیت کھیل کا حصہ ہے عالمی باکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت سے محب اللّٰہ جانی کو سیکھنے کا موقع ملا، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ

105

اسلام آباد۔3مئی (اے پی پی):قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ارشد حسین نے کہا ہے کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے عالمی باکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت سے محب اللّٰہ جانی کو سیکھنے کا موقع ملا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی باکسر محب اللہ جانی نے عالمی باکسنگ چیمپئن شپ میں شرکت کی اور عالمی باکسنگ چیمپئن شپ میں پاکستانی باکسر محب اللہ کا مقابلہ چین کے وانگ ژیانگ یانگ سے ہوا۔

جس میں محب اللہ کو ناکامی کا سامنا تو کرنا پڑا لیکن اس نے پھر بھی اچھی فائیٹنگ کی۔انہوں نے کہا کہ محب اللہ جانی نے پہلی بار کسی انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کی جس سے اس کو سیکھنے کا موقع ملا۔ چیمپئن شپ میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے سو سے زائد مختلف ملکوں کے 500 کے قریب باکسرز حصہ لے رہے ہیں۔ چیمپئن شپ ناک آؤٹ سسٹم پر کھیلی جا رہی ہے۔ چیمپئن شپ 14 مئی تک جاری رہے گی۔