ہرارے ٹیسٹ، زمبابوے پہلی اننگز میں 176 رنز پر آئوٹ، پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 103رنز بنا لئے

91

ہرارے۔29اپریل (اے پی پی):پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز میں 176 رنزپر آئوٹ ہوگئی، پاکستان نے پہلی اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 103 رنز بنا لئے، اوپنرز عابد علی56 اور عمران بٹ 43 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں، پاکستان کے فاسٹ بائولرز حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 4,4 وکٹیں حاصل کرکے زمبابوے کو بڑا سکور کرنے میں ناکام بنا دیا۔

جمعرات کو ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے جارہے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے پہلے روز میزبان زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم ان کا یہ فیصلہ درست ثابت نہ ہوا اور قومی ٹیم کے فاسٹ بائولرز کی نپی تلی بائولنگ کے سامنے زمبابوے کی ٹیم بے بس نظر آئی اور صرف 176 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔

میچ کے آغاز سے ہی قومی ٹیم کے بائولرز زمبابوے کے بلے بازوں پر حاوی رہے، فاسٹ بائولر حسن علی نے اوپنر کیون مسوزاکو صفر پرآئوٹ کردیا اس کے بعد دوسرے نمبر پر بیٹنگ کے لئے آنے والے پرنس بھی صرف 11 رنز ہی بنا سکے۔ مساکانڈا 15 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر آئوٹ ہوئے جبکہ کپتان برینڈن ٹیلر صرف پانچ رنز بنا سکے۔ زمبابوے کے کھلاڑی ملٹن شومبا 27 رنز بنا کر رن آئوٹ ہوئے۔ زمبابوے کے بیٹسمین روئے کائیا48 اور رجیس 19 رنز بنا کرپولین لوٹ گئے۔

دیگر بلے بازوں میں ٹریپانو 28 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے4,4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی نے 15.1 اوورز میں 43 رنز کے عوض چار جبکہ حسن علی نے 15 اوورز میں 53 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں ،سپنر نعمان علی نے ایک وکٹ حاصل کی اور ایک کھلاڑی رن آئوٹ ہوا۔ زمبابوے کے پہلی اننگز کے سکور176 کے جواب میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز کا پراعتماد طریقے سے آغاز کیا۔

اوپنرز عابد علی اور عمران بٹ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے پہلے روز کھیل کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 103 رنز بنا لئے۔ عابد علی 56 رنز اور عمران بٹ 43 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔ پاکستان کو زمبابوے کا پہلی اننگز کا سکور برابر کرنے کے لئے مزید 73 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی ابھی تمام وکٹیں باقی ہیں۔