ہری پور کی پولیس نے قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم گرفتار کر لیا، آلہ قتل برآمد

189

ہری پور ۔ 25 ستمبر (اے پی پی):ہری پور کی پولیس نے قتل کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا۔ ہری پور پولیس کے مطابق تھانہ حطار کی حدود میں 11 ستبر کو گھر کے اندر 22/23 سالہ لڑکی کے قتل کا واقعہ رونما ہوا۔

مقتولہ کے خاوند محمد شہزاد کی مدعیت میں نامعلوم ملزم کے خلاف دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج رجسٹر ہوا. ڈی پی او محمد عمر خان نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی سرکل خانپور محمد عزیر اور ایس ایچ او تھانہ حطار میاں لیاقت کو وقوعہ میں ملوث ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کرنے اور آلہ قتل کی برآمدگی سے متعلق احکامات جاری کئے۔

ایس ایچ او تھانہ حطار نے ہمراہ تفتیشی سٹاف و دیگر نفری پولیس کے ڈی ایس پی سرکل خانپور کی زیر نگرانی مقدمہ میں تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے مقتولہ کےحقیقی بھائی نعمان ولد مسکین سکنہ حطار سے تفتیش کی۔

ملزم نے اپنی بہن کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ۔ملزم کو حسب ضابطہ مقدمہ میں گرفتار کر کے آلہ قتل چھری برآمد کر لی مقدمہ میں مذید تفتیش جاری ہے ۔