ہزارہ یونیورسٹی کی سکالر سائرہ رمضان نے آرکیالوجی میں پی ایچ ڈی مکمل کرلی

121

ایبٹ آباد۔ 28 اگست (اے پی پی):ہزارہ یونیورسٹی کی سکالر سائرہ رمضان نے آرکیالوجی میں پی ایچ ڈی مکمل کرلی۔ترجمان یونیورسٹی کے مطابق شعبہ آرکیالوجی کی سکالر نے The Gandharan stone narrative reliefs in the Sir Sahibzada Abdul Qayyum Museum of Archaeology and Ethnology, University of Peshawar: A Study کے موضوع پر اپنا تحقیقی مقالہ مکمل کرتے ہوئے پبلک ڈیفنس میں اس کا کامیاب دفاع کیا۔سائرہ رمضان کے تھیسز کی جانچ پڑتال کینیڈا اور برطانیہ کی یونیورسٹیوں کے پروفیسرز نے کی۔انہوں نے پروفیسر ڈاکٹر عبد الرحمن کی زیر نگرانی اپنی تحقیقی سرگرمیاں مکمل کیں جبکہ کو سپروائز کے فرائض چیئرمین آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر شاکر اللہ خان نے سر انجام دیے۔

سائرہ رمضان کے ایگزامنرز میں آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ پنجاب یونیورسٹی کے سابقہ چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر توقیر احمد وڑائچ اور چیئرمین آرکیالوجی ڈیپارٹمنٹ پشاور یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ذاکر اللہ جان شامل تھے۔سکالر سائرہ رمضان نے پبلک ڈیفنس میں شرکاء کے مختلف سوالوں کے جواب دیئے اور حاصل ہونے والے تجربات پر ان سے تبادلہ خیال کیا۔سکالر نے پی ایچ ڈی تھیسز کی تکمیل کے دوران گندھارا آرٹ سمیت آثار قدیمہ کے دیگر موضوعات پر بین الاقوامی طور پر موقر جرائد میں قابل ذکر تحقیقی مواد شائع کر چکی ہیں اور ان کی مطبوعات کو ریسرچ کمیونٹی میں بھرپور پذیرائی ملی ہے۔سائرہ رمضان کے پبلک ڈیفنس میں متعلقہ ڈین،پروفیسرز،فیکلٹی ممبران اور ساتھی سکالرزسمیت انتظامی افسران شریک ہوئے۔