رام اللہ۔18اکتوبر (اے پی پی):فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیل کی طرف سے غزہ میں ہسپتال پر بمباری کے حوالے سے کہا کہ ہسپتال کو نشانہ بنانا ایک گھناؤنا جنگی جرم ہے جسے برداشت نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی اس پر خاموشی اختیار کی جا سکتی ہے ۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ ہم اس خوفناک جنگ کو روکنے کے سوا اور کوئی چیز قبول نہیں کریں گے۔
فلسطینی صدر نے کہا کہ یہ ایک ناقابل معافی جرم ہے اور اس طرح قابض حکومت نے تمام ریڈ لائن عبور کی ہیں،انہیں اس جرم کی سزا بھگتنا ہوگی۔ ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کے بعد فلسطینی صدر اپنا اردن کا دورہ مختصر کر کےفلسطین واپس چلے گئے۔ ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کے بعد فلسطینی قیادت کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ۔ دوسری طرف اقوام متحدہ میں فلسطینی مندوب ریاض منصور نے تنظیم کے عرب مندوبین سے مطالبہ کیاکہ وہ ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کےہسپتال پر پُرتشدد حملے کی تمام ذمہ داری اسرائیل پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ میں صحافیوں کو بتایا کہ و ہ اس فعل کی مذمت کرتے ہیں اور اسرائیل کو اس قتل عام اورجرم کا ذمہ دار ٹھہراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس جرم کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کرتےہیں۔