ہم آبادی کے تناسب میں اضافے کے پیش نظر صحت کے شعبے کو مضبوط بنائیں گے،عبدالقادر پٹیل

91

اسلام آباد۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان آبادی کے لحاظ سے پانچواں بڑا ملک بن رہا ہے جبکہ معاشی مسائل کے باعث بیروزگاری میں اضافہ ہواہے، ہم آبادی کے تناسب میں اضافے کے پیش نظر صحت کے شعبے کو مضبوط بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں نیشنل علما ءکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں علما کرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،علما کرام معاشرے کی درست راہ متعین کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ،ایران اور بنگلہ دیش نے علما ءکے ساتھ ملکر متعدد مسائل سے نمٹا ہے ۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ کورونا اور پولیو کے خاتمے کے لیے تعاون پر علما کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں ان افراد کے درمیان موجود ہوں جو معاشرے کو سمت دیکھاتے ہیں آبادی جیسے موضوع کی حساسیت کو سمجھنے کی ضرورت ہے اور ہمیں پوری قوم کی صحت کے لیے علماء کو اور محکمہ صحت کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا، ہمارا دین صرف اس معاملہ ہی نہیں بلکہ تمام معاملات پر بات کرنے کا کہتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صرف کھڑے ہو کر بات کرنا کافی نہیں، مذہب پر بات کرنے کے لیے ایک درجے تک پہنچنا ضروری ہے، پاکستان اس وقت تیزی سے بڑھتی آبادی کے حوالے سے پانچواں بڑا ملک بن چکا ہے معاشی مسائل سے بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوا ہے ،آبادی کے تناسب میں اضافے کے پیش نظر صحت کے شعبے کو مضبوط بنائیں گے،آبادی کے بڑھنے سے مسائل میں بھی اضافہ ہوتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ماں اور بچے کی صحت اہم ہوتی ہے علما اس حوالے سے بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں لوگ آپکی بات سنتے ہیں اور مانتے بھی ہیں اس قوم کے ہر انسان کی صحت کے لیے اہم کردار ادا کرتے ہیں، مساجد سے خطبوں میں ایک درس اور پیغام کے طور پر اپنا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کو ہدایت دونگا کہ ایک مشترکہ پلیٹ فارم بنایا جائے ہمارے ساتھ پولیو ۔کووڈ اور دیگر بیماریوں بارے شعور بیدار کرنے کے لیے ہمیشہ علما ء کرام کی ضرورت رہی ہے ۔

وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ معاشرے کے تمام افراد کی صحت کے لیے علما اور محکمہ صحت ملکر کام کریں گے، وزیر صحت اسلامی تعلیمات تمام معاملات میں توازن کا درس دیتی ہیں،معاشرے میں علما کرام کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔