فیصل آباد ۔10مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثنا اللہ خان نے کہا کہ ہم الیکشن کیلئے تیار،انتخاب لڑیں اور کامیابی بھی حاصل کریں گے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ گھڑی و توشہ خانہ چور سے حساب نہ لیا جا ئے،نواز شریف جلد پاکستان آکر قوم کو لیڈ کریں گے اور ملک کے ساتھ ظلم کرنیوالوں کو شکست فاش سے دوچار کیا جا ئے گا۔
وہ جمعہ کی شام الفتح گراؤنڈ سلیمی چوک فیصل آباد میں ایک عظیم الشان ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے جس کی مہمان خصوصی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر و مرکزی سینئر نائب صدر مریم نواز تھیں جبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگ زیب،سابق وزیر مملکت طلال چوہدری، عابد شیر علی،ڈویژنل صدر مسلم لیگ (ن) حاجی محمد اکرم انصاری کئی دیگر مرکزی، صوبائی، ڈویژنل، ضلعی و شہری عہدیداران، ممبران قومی اسمبلی، سابق ممبران صوبائی اسمبلی اوربہت بڑی تعداد میں لیگی ورکرز بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے شیروں اور شیرنیوں نے آج ثابت کردیا ہے کہ فیصل آباد نواز شریف اور قوم کی بیٹی مریم نواز کے جانثاروں کا مضبوط قلعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان الیکشن سے پیچھے ہٹنا چاہتا ہے لیکن ہم الیکشن کیلئے پوری طرح تیا ر ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک بد تہذیب، نالائق، نااہل، گھڑی چور، توشہ خانہ پر ڈاکہ ڈالنے والا، بدعنوان، بدکردار شخص ہے جس نے ملک و قوم اور معیشت و اخلاقیات کا بیڑا غرق کردیا ہے، اس نے ملک کے ساتھ ظلم کیا،فارن فنڈنگ اور منی لانڈرنگ کی، اس نے ایک پراپرٹی ٹائیکون کے ساتھ مل کر قومی خزانہ کو50 ارب کا ٹیکہ لگایا اور اس کی آڑ میں 5 ارب کی پراپرٹی اپنی بیوی کے نام کروائی۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ نہ صرف اس کا حساب لیا جا ئے گا بلکہ عمران خان کو گرفتار بھی کیا جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان جتنا دوڑ سکتے ہو دوڑ لو آخر کار پکڑے جاؤ گے۔
انہوں نے کہا کہ ورکرز کنونشن میں کارکنوں کی تعداد دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ جلسہ یہاں نہیں بلکہ دھوبی گھاٹ گراؤنڈ ہیں ہونا چاہیے تھا لیکن اگلا جلسہ بہت جلد دھوبی گھاٹ گراؤنڈ میں ہی ہوگا جس میں میاں نواز شریف فیصل آباد کے شیروں سے خطاب کریں گے۔انہوں نے کہا کہ فتنہ خاں سے توشہ خانہ،گھڑی چوری سمیت ہر چوری کا حساب لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے اور بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔ انہوں کہا کہ مریم نواز آج فیصل آباد میں گھڑی چور کا آپریشن کرنے پہنچی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عدالتوں میں پیش ہونے کی بجائے ہر روز اپنی بیماریوں کے بہانے بنا رہا ہے اور وہ وہ بیماریاں بتا رہا ہے جن کو لوگ بتاتے ہوئے شرماتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تم جتنی بھاگ دورڑکر سکتے ہو کرلو آخر ایک دن تم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ایک ہی لیڈر ہے جس نے ملک کو بحرانوں سے نکالا اورآئندہ بھی ترقی کی راہ پر گامزن کرے گااس کا نام نواز شریف ہے۔رانا ثنااللہ نے کہا کہ آج کا ورکرز کنونشن ایک ریفرنڈم ہے اور جتنے لوگ گراؤنڈ کے اندر ہیں اس سے کہیں زیادہ سلیمی چوک سے لیکر ڈی گراؤنڈ تک سڑکوں پر موجود ہیں جنہوں نے نواز شریف اور مریم نواز کے حق میں فیصلہ سنادیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف جلد ہمارے درمیان موجود ہوں گے اور جو فیصلہ فیصل آباد کرے گا وہی پورے صوبہ کا بھی فیصلہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عمرانی فتنہ پاکستانی سیاست میں ایک ناسور ہے لہٰذا عوام کو اس کی شناخت کرنا ہوگی اور اسے ووٹ کی طاقت سے مائنس کرنا ہوگاورنہ یہ ملک کو کسی بہت بڑے حادثے سے دوچار کردے گا۔انہوں نے کہا کہ عوام نہ صرف خود اس فتنے کی شناخت کریں بلکہ دوسروں کو بھی اس سے آگاہ کریں۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کبھی ادھر بھاگتا ہے کبھی ادھر بھاگتا ہے،کبھی عدالتوں اور وکلا کے پیچھے چھپنے کی کوشش کرتا ہے اور کبھی بیماریوں کا بہانہ بناتا ہے لیکن اس کے جرائم ایسے ہیں کہ با لآخر اسے گرفتار ہونا ہی ہے جہاں اسے کسی بابے کے مشورے نہیں بچا سکیں گے۔
انہوں نے فیصل آباد کے عوام کو یقین دلایا کہ گھڑی چور اور توشہ خانہ لوٹنے والے سے حساب لیا جا ئے گا۔انہوں نے لیگی ورکرز سے کہا کہ کہ وہ اپنا جوش و جذبہ اسی طرح برقرار رکھیں اور الیکشن کی تیاری کریں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نہ صرف الیکشن جیتے گی بلکہ دوبارہ واضح اکثریت سے برسر اقتدار بھی آئے گی۔ انہوں نے نواز شریف اور مریم نواز کو پوری قوم کی آواز بھی قرار دیا۔ رانا ثنااللہ نے فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کے تمام لیگی ارکان اسمبلی، عہدیداران و کارکنان کو کنونشن کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔
مریم نواز شریف کی آمد کے موقع پر شہریوں کا جوش و خروش دیدنی تھا اور جوق در جوق ریلیوں و قافلوں کی آمد کے باعث ہر طرف زبردستی گہما گہمی، پارٹی پرچموں، فلیکسز اور بینرز کی بہار نظر آئی جبکہ مریم نواز شریف کے فیصل آباد پہنچنے پر ان کا فقید المثال استقبال بھی کیا گیا۔