ہم سندھ کی عوام کے ساتھ ”عوامی رابطہ مہم” کا آغاز کر رہے ہیں،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا سندھ کے عوام کے نام ویڈیو پیغام

77
ہم سندھ کی عوام کے ساتھ ''عوامی رابطہ مہم'' کا آغاز کر رہے ہیں،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا سندھ کے عوام کے نام ویڈیو پیغام

اسلام آباد۔23فروری (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 26 فروری سندھ کی تاریخ میں ایک اہم دن ہو گا، سندھ کی ناقص طرز حکمرانی، لوٹ مار، کرپشن کے نظام سے تنگ لوگوں کیلئے باہر نکلنے اور قدم بڑھانے کا اہم موقع ہے۔ بدھ کو ”سندھ حقوق مارچ” کے حوالے سے سندھ کے عوام کے نام اہم ویڈیو پیغام میں وزیر خارجہ نے کہا کہ میں اور ہماری پاکستان تحریک انصاف سندھ کی قیادت سندھ آ رہے ہیں، ہم سندھ کی عوام کے ساتھ ”عوامی رابطہ مہم” کا آغاز کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم سندھ کے عوام کو حقائق بتانا چاہتے ہیں کہ پچھلے 15 سالوں میں ان کے ساتھ کیا ہوا، ہم سندھ کے عوام سے رجوع کریں گے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ دورہ پورے 27 اضلاع پر محیط ہو گا، 26 فروری سے سندھ حقوق مارچ شروع ہو گا اور 6 مارچ کو اختتام پذیر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ سندھ کی ناقص طرز حکمرانی، لوٹ مار، کرپشن کے نظام سے تنگ آ چکے ہیں انہیں درخواست کروں گا کہ آج موقع ہے باہر نکلنے کا، قدم بڑھانے کا، آئیے مل کر سندھ میں تبدیلی کا آغاز کریں۔