ہم چاہتے ہیں کہ پاکستانی نژاد خواتین ہماری برانڈ ایمبیسیڈر بنیں، نیلوفر بختیار

132

اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):قومی کمیشن برائے وقار نسواں (این سی ایس ڈبلیو )  کی چیئرپرسن نیلوفر بختیار نے کہا ہے کہ  پاکستانی خواتین بہادر اور محنت کے جذبے سے سرشار ہیں اور زندگی کے تمام شعبوں میں مردوں کے شانہ بشانہ  مل کر کام کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امریکی ریاست نیو جرسی میں ڈریم امریکہ میگزین کی بانی اور چیف ایڈیٹر نگہت خان کی جانب سے اپنے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب کا انعقاد فخر پاکستان ایوارڈز اور دختران پاکستان برائے خواتین کی بااختیاریت کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔

جمعہ کو این سی ایس ڈبلیو کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیلوفر بختیار نے دنیا بھر میں پاکستانی خواتین کی محنت اور لگن کو سراہا اور کہا کہ ہم دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان کی ہماری خواتین مغرب کی خواتین کے مقابلے میں کسی بھی طرح کم نہیں ہیں۔ پاکستان میں ہماری خواتین لڑاکا طیارے اڑانے اور اعلیٰ عدالتوں میں جج کے طور پر کام کرنے سمیت تمام شعبوں میں کام کر رہی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ امریکہ سمیت پاکستان سے باہر دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی نژاد خواتین ہماری برانڈ ایمبیسیڈر بنیں۔ اس موقع انھوں نے تقریب میں شریک  کمیونٹی کے چند اہم افراد کے پوچھے گئے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ نگہت خان نے اپنے اختتامی کلمات میں اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سی ای او آصف جمال کا ایونٹ کا آفیشل میڈیا پارٹنر بننے پر شکریہ ادا کیا اور پرائوڈ پاکستان ایوارڈز کے سلمان ابھرانی کو ان کے تعاون پر سراہا۔