فیصل آباد ۔ 12 اگست (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) علما و مشائخ ونگ پنجاب کے صوبائی جنرل سیکرٹری حافظ محمد امجد نے کہا کہ پاکستان تجھے سلام کیونکہ ہمار ا وجود تم سے،ہماری شان تجھ سے،ہماری شناخت،ہماری ترقی، ہمارا یہ نام اورہماری یہ کامیابیاں تمہارے نام سے ہی ہیں اسی لئے14 اگست کا دن محبت پھیلانے اور ایک ہوجانے کا دن ہے جبکہ اس موقع پر ہمیں اپنے ان ہم وطن بھائیوں کو یاد رکھنا چاہیے جنہیں ہماری مدد اور تعاون کی ضروت ہے نیزوہ یوم آزادی کے موقع پر دعا گو ہیں کہ یہ دن تمام پاکستانیوں اور وطن عزیز کیلئے امن اور خوشیوں کا تحفہ لے کر آئے اور اس کو ہر قسم کے اندرونی و بیرونی خلفشار اور سازشوں سے بچائے لہٰذا آیئے اس موقع پرسب مل کر عہد کریں کہ وطن عزیز کی سلامتی، ملکی تعمیر و ترقی، عوامی خوشحالی اور قومی فلاح سمیت شہریوں کی خدمت کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہیں گے۔
اے پی پی سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ یوم ۱ٓزادی کے متبرک، مقدس و پر مسرت موقع پرشہدائے تحریک پاکستان کو خراج عقیدت اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے علاوہ وطن عزیز کی سا لمیت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرا نہ پیش کرنے والوں سے اظہار یکجہتی بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی برصغیر کے مسلمانوں کیلئے ایک محفوظ اور الگ وطن کے حصول کی جمہوری جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جہاں آج ہم مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار کے مطابق ہر طرح کی ۱ٓزاد فضا میں اپنی زندگیاں بسرکر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 14اگست کا دن ہمیں اخلاقیات،اخوت و یگانگت، امن کے ساتھ ساتھ وطن سے محبت کے اظہار کا درس دیتا ہے نیزیوم ۱ٓزادی پر ہمیں تجدید عہد کرنا ہوگا کہ ہم بین الاقوامی حالات کے تناظر میں ۱ٓپس کے تمام سیاسی، فروعی، لسانی، علاقائی اختلافات ختم کرکے پاکستان کو قائداعظم کے خوابوں کی تعبیر بناکر حقیقی معنوں میں فلاحی، عوامی و خوشحال ریاست بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ کے نام کا مقصد ہی یہ ہے کہ اس وطن کو مکمل اسلامی ضابطہ حیات کے تحت جمہوریت کی پٹڑی پر رواں دواں رکھااور ملک کو حقیقی معنوں میں فلاحی عوامی ریاست بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ہمارے بزرگوں نے ہمیں آزاد ملک حاصل کرکے دیااسلئے اب ہماری ذمہ داری ہے کہ وطن عزیز کو خوشحال و ترقی یافتہ بنانے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کریں تاہم یوم آزادی مناتے وقت ہمیں بھرپور محنت سے انسانیت اورملک کی خدمت کے عزم کا اعادہ بھی کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ جب تک ملک کو کرپشن فری نہیں بنایا جائے گا اس وقت تک ہمارے مسائل حل نہیں ہوسکتے اسلئے ہم سب کو ملکر بابائے قوم کے خوابوں کو عملی تعبیر دینے کیلئے ملک کو کرپشن فری بنانے میں بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔