اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ہمارا آئین ہماری آزادیوں کا ضامن ہے،معاشرے میں بدامنی اور فاشزم درست عمل نہیں ہے،ہمیں دیکھنا ہوگا کہ کس طرح ہمارا آئین ہماری انفرادی اور اجتماعی آزادیوں کے لئے کام کر سکتا ہے۔
جمعرات کو دستور پاکستان کی گولڈن جوبلی کی مناسبت سے منعقدہ عالمی کنونشن کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یہ باعث فخر ہے ہم نے دستور پاکستان کی اس اہم تقریب میں ایک دوسرے کیساتھ خیالات کا تبادلہ کیا،ہم اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ اس کنونشن میں شریک تمام ممالک کو ایک جیسے چیلنجوں کا سامنا ہے،ہمیں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان مسائل پر قابو پانے کے لئے اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
بلاول بھٹو زرداری شہید ذوالفقار علی بھٹو کے راستے پر چل رہے ہیں۔آصف زرداری نے گیارہ سال جیل کاٹی،بے نظیر بھٹو نے انتہاپسندی کا مقابلہ کیا اور جام شہادت نوش کیا۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی کی کراچی سے خصوصی شرکت پر شکر گزار ہوں۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ یہ اس بات کا غماز ہے کہ آپ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو کتنی اہمیت دیتے ہیں،اس آئین کی بالادستی ، جمہوریت کی مضبوطی کے لئے ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید ہوئیں،اس جمہوریت کی مضبوطی کے لئے سابق صدر آصف علی زرداری نے 11 سال جیل کاٹی،محترمہ بینظیر بھٹو اپنے آخری دم تک جمہوریت کے لیے کاربند رہیں۔
راجہ پرویزاشرف نے کہا کہ ہم سیاسی انتقام نہیں جمہوریت بہترین انتقام کے سلوگن کے ساتھ آگے بڑھے،اس تقریب کے دوران "میرا آئین میری آزادی کا ضامن” ایک بنیاد ہے، حقوق کا مضبوط قلعہ ہے،فاشزم ہمارے معاشرے میں سرائیت کرچکا، اس کا خاتمہ اسی آئین پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے،آئین پاکستان پاکستانی عوام کے لئے مشعل راہ ہے۔
سپیکر نے کہا کہ دنیا میں بہت تبدیلیاں ہو رہی ہیں، معاشی آزادی، انصاف اور ماحولیاتی انصاف لازمی مسائل ہیں، بے شمار مشکلات ہیں جنہیں ہم نے عبور کرنا ہے، اس کے لئے ہمیں اس کی جانب سنجیدگی سے متوجہ ہونے کی ضرورت ہے،ان تمام اہم مسائل کی جانب ہم نے دو روزہ کنونشن میں خصوصی توجہ دی۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت مذاکرات کا نام ہے، مختلف و متنوع خیالات رکھنے والوں کے مل بیٹھنے کا نام ہے۔موجودہ صورتحال میں اگر مہمانوں کو کچھ مشکلات کا سامنا رہا تو اس پر آپ سب سے معذرت خواہ اور آپ کا شکر گزار ہوں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=363072