اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز و پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماء ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ اس وقت ہماری ترجیح سیاسی معاملات و اختلافات نہیں سیلاب زدگان کی امداد ہونی چاہئے، متاثرین کو ہم سب کی مدد کی اشد ضرورت ہے سب دل کھول کر ان کی مدد کریں۔
بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں بہت ہی تکلیف دہ و پریشان کن ہیں، پورا ملک بارشوں اور سیلاب کی لپیٹ میں ہے، ہمیں تمام تر توجہ سیلاب زدگان کی امداد پر مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2010 کے مقابلے اس سال بارشوں اور سیلاب نے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، ملک کا ایسا کوئی حصہ نہیں جو بارشوں اور سیلاب سے متاثر نہ ہوا ہو، بارشوں اور سیلاب کے باعث 830 لوگ جاں بحق اور 1348 زخمی ہوئے ہیں، ہزاروں گھر تباہ اور لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ غیر معمولی صورتحال ہے اس میں ہمیں سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہئے، اس قومی اور انسانی بحرانی صورتحال میں ہمیں قومی یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔ ساجد حسین طوری نے کہا کہ سیلاب زدگان کی امداد کے لئے ہمیں سیاسی اختلافات سے بالاتر ہونا چاہئے، اس وقت ہماری ترجیح سیاسی معاملات و اختلافات نہیں سیلاب زدگان کی امداد ہونی چاہئے ، متاثرین کو ہم سب کی مدد کی اشد ضرورت ہے سب دل کھول کر ان کی مدد کریں۔