ہماری سرزمین پر امریکی فضائی حملے قابل مذمت، ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے، عراق

60
ہماری سرزمین پر امریکی فضائی حملے قابل مذمت، ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی ہے، عراق

بغداد ۔23نومبر (اے پی پی):عراق نے اپنی سرزمین پر امریکی فضائی حملوں کی شدید مذمت کی ہے جن میں ایران کے حمایت یافتہ گروپوں کو نشانہ بنایا گیا ہے جنہیں امریکا اپنے فوجیوں پر حملوں کا ذمہ دار ٹھہراتا ہے۔

فرانسیسی خبررساں ادارے نے عراقی حکومت کے ترجمان باسم العوادی کے بیان کے حوالے سے بتایا کہ امریکا نے مقامی حکومتی اداروں کے علم میں لائے بغیر منگل اور بدھ کو ملکی سرزمین پر حملے کیےجو ہماری خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے ایران کے حمایت یافتہ گروپوں پر بھی تنقید کی جن کے بارے میں پینٹاگون کا کہنا ہے کہ 17 اکتوبر سے عراق میں امریکی اہداف پر کم از کم 32 حملے کیے ہیں۔ ترجمان نے عراق میں بمباری کو امریکی فوج کے مشاورتی کردار کے منافی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ۔ واضح رہے اس امریکی حملے میں عسکری ملیشیا کے8جنگجو ہلاک ہو ئے۔