ہماری متحرک اور فعال خارجہ پالیسی کے باعث آج پاکستان عالمی برادری کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

127

اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے اقتصادی سفارتکاری کے ذریعے کاوشیں بروئے کار لاتے رہیں گے، ہماری متحرک اور فعال خارجہ پالیسی کے باعث آج پاکستان عالمی برادری کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے پیر کو وزارت خارجہ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں۔ سپیشل سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عالمی سطح پر سرخرو کیا۔ وزیر خارجہ نے او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے غیرمعمولی اجلاس کے موقع پر انتہائی کم وقت میں بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے سیکرٹری خارجہ اور وزارت خارجہ کی تمام ٹیم کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ بہترین سفارت کے لیے معاشی خودانحصاری بہت اہمیت کی حامل ہے، پاکستان کے معاشی استحکام کے لیے اقتصادی سفارتکاری کے ذریعے کاوشیں بروئے کار لاتے رہیں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اگلے سال مارچ میں او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار ہے، ہماری متحرک اور فعال خارجہ پالیسی کے باعث آج پاکستان عالمی برادری کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں انتہائی قابل سول سرونٹس اور سفراء کی ٹیم کی سربراہی کر رہا ہوں۔