ہمارے دلوں میں سعودی عرب اور اس کے عوام کے لیے بہت محبت اور احترام ہے،چیئرمین سینیٹ کا سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے پیغام

123
چیئرمین سینیٹ سے میر چنگیز خان جمالی کی ملاقات

اسلام آباد۔23ستمبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ ہمارے دلوں میں سعودی عرب اور اس کے عوام کے لیے بہت محبت اور احترام ہے،سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے،دونوں برادر ممالک کے تعلقات گزرتے وقت کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوں گے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کااظہارانہوں نے سعودی عرب کے 92 ویں قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نےسعودی عرب کے 92 ویں قومی دن کے موقع پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارکباد دی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے سعودی قیادت اور عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پر فخر ہے۔ ہمارے دلوں میں سعودی عرب اور اس کے عوام کے لیے بہت محبت اور احترام ہے۔

محمدصادق سنجرانی نے کہاکہ سعودی عرب نے جس رفتار سے ترقی کی ہے وہ ایک مثال ہے۔ اس دن کے موقع پر سعودی عرب اور اس کے عوام کی ترقی اور خوش حالی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نےسعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں سعودی عرب کی ہر قسم کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کو دہرایا۔سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔

انہوں نے کہاکہ دونوں برادر ممالک کے تعلقات گزرتے وقت کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوں گے۔ مزید برآں چیئرمین سینیٹ آج  جمعہ کو سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔