ہنرمند پاکستانی سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ ترسیلات زر بھیج کر ملک کی بھی خدمت کر رہے ہیں،وفاقی وزیرساجد حسین طوری

168

اسلام آباد۔19ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب میں ہنرمند اور تکنیکی شعبوں میں ملازمت حاصل کرنے کے لئے پاکستان میں پیشہ ورانہ امتحانی پرو گرام “ اسکلز ویری فیکیشن” کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا۔ پائلٹ پراجیکٹ کی لانچنگ کے لئے پیر کو سعودی عرب کے سفارتخانہ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد مُختلف شعبوں میں اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہے، ہنرمند پاکستانی جہاں سعودی عرب کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں وہیں وہ پاکستان کے لئے ترسیلات زر بھیج کر پاکستان کی بھی خدمت کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیشہ وارانہ تعلیمی تصدیق اور عملی امتحان کے آغاز سے سعودی عرب میں سکلڈ اور تکنیکی صلاحیتوں کے مالک پاکستانیوں کو متعلقہ شعبوں میں روزگار کے بہتر اور نئے مواقع ملیں گے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ مل کر ایک بہترین ٹیکنکل اینڈ ووکیشنل یونیورسٹی کا قیام عمل میں لائیں گے۔انہوں نے سیلابوں کے دوران بھرپور امداد پر خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کیا۔

پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پہلا ملک ہے جس میں سکلز ویریفکیشن پروگرام کے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کا کیا گیا ہے، پراجیکٹ کے لئے نیشنل اتھارٹی فار سکلز اپ گریڈ نگ (نیوٹیک) کے تعاون سے 12 تسلیم شدہ امتحانی مراکز 8 مختلف شہروں میں قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ پرو گرام افرادی قوت کیلئے اپنی فیلڈ میں ایک عملی ٹیسٹ کروانےکا اہتمام کرے گا، جہاں پہلے مرحلہ میں پانچ مہارتوں پر عملی اور نظریاتی ٹیسٹ شروع کیا جائے گا جن میں الیکٹریشن ، پلمبر ، ویلڈ نگ ، ریفریجریشن،ایئر کنڈیشنگ اور آٹو الیکٹریشن کے شعبے شامل ہیں۔

سعودی سفیر نے کہا کہ سکلز ویر یفکیشن پرو گرام وزارت انسانی وسائل اور سماجی ترقی کے سب سے اہم اسٹریٹجک اقدامات میں سے ایک ہے ،جس کا مقصد سعودی لیبر مارکیٹ کی ساخت میں توازن بحال کرنا ہے تاکہ پیشہ ور افراد کو سعودی عرب میں اضافی قدر کے ساتھ کار کردگی پر مبنی ملازمت کے اصول کے عین مطابق پائیدار ملازمت کے مواقع فراہم کئے جائیں۔

قبل ازیں پراجیکٹ ڈائریکٹر “اسکلز ویری فیکیشن پروگرام” انجینئر العاقل نے منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا ا ور اس کے مُختلف پہلووں پر روشنی ڈالی۔ تقریب میں سعودی پراجیکٹ ڈائریکٹر اور وفاقی وزیر نے لانچنگ دستاویز کا تبادلہ بھی کیا۔