اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور خارجہ کے چیئرمین سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے کہا ہے کہ پے در پے دو جنگوں کے تناظر میں پاکستان کا موقف واضح کرنے اور ایک متوازن بیانیہ دنیا کے سامنے لانے کے لئے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار کی قیادت میں دفترِ خارجہ نے انتہائی شاندار کردار ادا کیا ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے میڈیا ڈائریکٹوریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سینیٹ قائمہ کمیٹی امور خارجہ کے اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کمیٹی کے ارکان شیری رحمان اور مصدق ملک کی خدمات کو سراہا جو پارلیمانی وفد کے ارکان کے طور پر انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں دنیا کو پاکستانی موقف سے آگاہی کے لئے سر انجام دیں۔ سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور اعلیٰ عہدیداروں نے کمیٹی ارکان کو ایران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں کے بعد کی صورت حال، اس ضمن میں پاکستان کے کردار اور مستقبل کے امکانات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
مختلف ارکان کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے سیکرٹری امور خارجہ نے کہا کہ ہماری تمام تر کوششیں خطے میں پائیدار امن کے قیام پر مرکوز ہیں اور پاکستان اس سلسلے میں مختلف ممالک کے اشتراک سے نہایت موثر کردار ادا کر رہا ہے۔ قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر عرفان الحق صدیقی نے ان اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مختلف عالمی فورمز پر بھارت کا تنہا رہ جانا اس کی شکست اور ہمارے بیانیے کی فتح ہے۔ کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس میں سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر انوار الحق کاکڑ، سینیٹر مصدق ملک، سینیٹر بیرسٹر علی ظفر اور سینیٹر ذیشان خانزادہ نے شرکت کی۔ وزارت خارجہ کی نمائندگی سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ اور دیگر سینئر عہدیداروں نے کی۔