اسلام آباد۔5ستمبر (اے پی پی):ہنگری میں پاکستانی سفارت خانے نے بڈاپسٹ میں پاکستانی فنکاروں کی پہلی آرٹ نمائش کا انعقاد کیا۔ "چہار باغ” (جنت کے چار باغ) کے عنوان سے نمائش میں آٹھ پاکستانی فنکاروں کے فن پاروں کی نمائش کی گئی۔ نمائش 8 ستمبر 2023 تک جاری رہے گی۔ اس تقریب کا انعقاد ہنگری میں ترکیہ کے سفارت خانے اور یونس ایمرے انسٹی ٹیوٹ کے تعاون سے کیا گیا تھا۔افتتاحی تقریب میں ہنگری کے معززین، ڈپلومیٹک کور کے ارکان، آرٹ کے شوقین افراد، طلباء اور میڈیا کے افراد سمیت شرکاء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
پاکستان اور ترکیہ کے سفیروں نے مہمان خصوصی ہنگری کی وزارت خارجہ و تجارت کے ایڈیشنل سیکرٹری پیٹر جیکب کے ہمراہ نمائش کا افتتاح کیا۔

سفیر آصف حسین میمن نے اپنے استقبالیہ خطاب میں نمائش کے موضوع اور پاکستان کے آرٹ کلچرپر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پاکستان اور ہنگری کے درمیان ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے کے لئے اس طرح کی آرٹ اور ثقافتی تقریبات کے باقاعدگی سے انعقاد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
سفیر نے تعاون پر ترک سفیر کا شکریہ بھی ادا کیا۔ہنگری میں ترکیہ کے سفیر نے ترکیہ اور پاکستان کے درمیان تاریخی تعلقات پر روشنی ڈالی اور مشترکہ تعاون کی حمایت کا اظہار کیا۔ایشیا پیسفک ڈیپارٹمنٹ کے ایڈیشنل سیکرٹری پیٹر جیکب نے ہنگری اور پاکستان کے درمیان آرٹس اور کلچر سمیت مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات پر روشنی ڈالی اور اس سلسلے میں پاکستانی سفارت خانے کی کوششوں کا خیر مقدم کیا۔
نمائش کی کیوریٹر سندس اظفر نے اپنے ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغام میں نمائش کے موضوع پر روشنی ڈالی۔شرکاء نے نمائش کے انعقاد اور پہلی بار ہنگری کے مرکز میں پاکستان کے شاندار آرٹ کلچر کی نمائش کا موقع فراہم کرنے پر پاکستانی سفارت خانے کی کاوشوں کو سراہا۔مہمانوں کی روایتی پاکستانی کھانوں اور ریفریشمنٹ سے تواضع کی گئی۔