ہیلمٹ کی افادیت بارے ٹریفک پولیس کا آگاہی کیمپ

241
ہیلمٹ

رحیم یارخان ۔ 18 ستمبر (اے پی پی):ٹریفک پولیس کی جانب سے ہیلمٹ کے بارے میں شعور و آگاہی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ کیمپ میں ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے شرکت کی اور شہریوں میں ہیلمٹ تقسیم کیے ۔ گزشتہ روز ٹریفک پولیس کے زیر اہتمام ہیلمٹ کے استعمال کے متعلق سٹی پل پر ایک کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کو ہیلمٹ کے استعمال کے بارے میں آگاہی فراہم کرتے ہوئے ہیلمٹ کی افادیت کے بارے میں بتایا گیا۔

اس موقع پر شہریوں میں مفت ہیلمٹ کی تقسیم کا پروگرام ترتیب دیا گیا تھا جس کے لیے ڈی پی او رضوان عمر گوندل کو بطور مہمان خصوصی مدعو کیا گیا جنہوں نے شہریوں میں ڈی ایس پی ٹریفک پولیس چوہدری اصغر علی، ڈی ایس پی سٹی چوہدری آصف رشید، ایس ایچ او تھانہ اے ڈویژن رانا شفاقت علی منج، ایس ایچ او تھانہ سی ڈویژن علی حسن و دیگر کے ہمراہ ہیلمٹ تقسیم کرتے ہوئے ہیلمٹ کو استعمال میں لاتے ہوئے اپنے سفر اور زندگیوں کو محفوظ بنانے کی ہدایت کی اور اس کی افادیت کے بارے میں بھی بتایا۔

شہریوں کی جانب سے پولیس کے اس احسن اقدام کو سراہا گیا۔ بعد ازاں ڈی پی او رضوان عمر گوندل نے ڈی ایس پی سٹی آصف رشید اور ایس ایچ او شفاقت علی کے ہمراہ تھانہ اے ڈویژن کا تفصیلی دورہ کر کے فرنٹ ڈیسک، ڈی او روم سمیت تمام مدات و تھانہ کی عمارت کے حصوں کا بغور جائزہ لیا اور اس سلسلہ میں بہتری کے لیے ہدایات اور احکامات جاری کیے۔