ہیٹ ویو کے باعث فیسکور یجن کے 8اضلاع میں 53لاکھ صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے،چیف ایگزیکٹو فیسکو

161
Chief Executive Fesco
Chief Executive Fesco

فیصل آباد ۔ 05 جون (اے پی پی):شدید ترین ہیٹ ویو کے باعث فیسکور یجن کے آٹھوں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سرگودھا، میانوالی، خوشاب،بھکر میں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے53لاکھ صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر فیسکو فیصل آباد انجینئر محمد عامر نے اے پی پی کو بتایا کہ وزارت توانائی کی ہدایات پر فیسکو ریجن میں بجلی کی طلب و رسدمتوان ہونے کے باعث کہیں بھی لوڈمینجمنٹ نہیں کی جا رہی۔

انہوں نے بتایا کہ فیسکو کے تمام 1306فیڈرزاے کیٹیگری میں شامل ہونے کے باعث کسی قسم کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی تاہم گزشتہ روز فیسکو ریجن کے صرف 6فیڈرز پر بجلی کی سپلائی تکنیکی وجوہات کی بنا پر متاثر ہوئی جن میں تین فیڈرزایچ شہید،باہمنی والا اور ناری سے ایک گھنٹہ سے کم دورانیہ کیلئے بجلی بند رہی جبکہ تین فیڈرزنیوبیرانوالا،جھمرہ سٹی اور الحبیب سے ایک سے تین گھنٹے کیلئے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی مگر فالٹ کلیئرنس کے بعدمذکورہ فیڈرز سے بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی۔

انجینئر محمد عامر نے بتایا کہ ہیٹ ویو کے پیش نظرفیسکو ریجن میں تمام مرمتی کاموں کے پرمٹ کینسل کردیئے گئے ہیں تاکہ سخت گرمی میں صارفین کودقت نہ ہو۔علاوہ ازیں صارفین کی انفرادی شکایات کا ازالہ بھی ترجیحی بنیادوں پر کیاجارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صارفین بجلی سے متعلق کسی مسئلہ کی صورت میں فیسکو کی موبائل ایپلی کیشن فیسکو لائیٹ،بجلی بلوں پر موجودنمبر،ہیلپ لائن 118 پر کال اور 8118 پر میسیج کے ذریعے اپنی شکایات درج کراسکتے ہیں جس پر فوری کارروائی کی جائے گی۔