ینجرز اورپولیس کی مشترکہ کارروائی،لیاری گینگ وارسے تعلق رکھنے والے2ملزمان گرفتار، اسلحہ، موبائل فونز اور مو ٹرسائیکل برآمد

209
راولپنڈی پولیس نے 2 منشیات فروش گرفتار، پانچ کلو چرس برآمد

کراچی۔ 18 مئی (اے پی پی):پاکستان رینجرز (سندھ)اورپولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے لیاری سے لیاری گینگ وارسے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب 2ملزمان نصیب اللہ عرف نصیب جان اور عاقب علی کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے2 پسٹل بمعہ ایمونیشن، 2 موبائل فونز اورایک مو ٹرسائیکل برآمد کرلی ۔

ترجمان سندھ رینجرز کے ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ملزم نصیب اللہ اگست 2023 میں مبین بلوچ کے ساتھ لیاری گینگ وار(وصی اللہ گروپ)میں شامل ہوا۔ملزم اپنے دیگر ساتھیوں مبین بلوچ، عبدالوہاب عرف کوڈو اور ولی خان کے ہمراہ متعدد ڈکیتی کی وارداتوں سمیت بھتہ وصولی کے لیے بھتے کی پرچیاں دینے میں بھی ملوث ہے۔ دوران تفتیش ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ2022 میں اسلحے کے زور پر شہری سے مبلغ 28 لاکھ روپے چھیننے جبکہ2023 میں سیالکوٹ سے آئے ہوئے تاجروں سے نیپیئر روڈ نگار سینما سے مبلغ 62 لاکھ روپے چھیننے کا اعتراف کیا ہے جبکہ ملزم عاقب علی 2012 میں تاج محمد عرف تاجو گروپ میں شامل ہوا۔

ملزم 2014 میں عثمان آباد لیاری گینگ وار کے کمانڈر نعیم لاہوتی، فاروق مایا اور تاج محمد عرف تاجو کے ساتھ مل کر متعدد مسلح لڑائیوں میں شامل ہو کر متعدد لوگوں کو زخمی اور ہلاک کرنے میں ملوث رہا ہے۔ دوران تفتیش ملزم نے عثمان آباد، بکرا پیڑی روڈ، نیازی چوک اور نوالین کے علاقوں سے فاروق عرف مایا کے کہنے پر بھتے کی پرچیاں دینے اور دھمکی آمیز کالز کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ کرائم، منشیات فروشی اور اسلحہ کی خریدوفروخت کا بھی اعتراف کیا ہے۔

ملزم نے اپنے علاقے میں بجلی کے غیر قانونی کنڈے لگا کر فی کنڈا مبلغ 3 ہزار ماہانہ وصول کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ گرفتارملزمان کو بمعہ اسلحہ وایمونیشن اور مسروقہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔