
اسلام آباد۔2اکتوبر (اے پی پی):فیڈرل فٹ بال کلب کے زیر اہتمام جاری فیڈرل فٹ بال لیگ میں ینگ بوائز کلب نے کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ اس موقع پر چیئرمین آرگنائزنگ کمیٹی عرفان خان نیازی کے علاوہ شائقینِ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
جی سیون فور فٹ بال گراؤنڈ میں جاری لیگ کا پہلا پری کوارٹر فائنل میچ ینگ بوائز کلب اور فالکن کلب کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں ینگ بوائز کلب نے ایک سخت مقابلے کے بعد فالکن کلب کو 0-1 گول سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ وقفے تک ینگ بوائز کلب کو فالکن کلب کے خلاف 0-1 گول سے برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی۔
پہلے ہاف کے 29 ویں منٹ ینگ بوائز کلب کی جانب سے الیان نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی جو مقررہ وقت تک جاری رہی۔ فالکن کلب کے کھلاڑیوں نے میچ برابر کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ فیڈرل فٹ بال لیگ میں 3 اکتوبر کو مڈفیلڈ کلب اور ہائی لینڈر کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔