اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):ینگ پارلیمنٹیرینز فورم کا الیکشن جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کے آفس میں منعقد ہوا۔ انتخابی عمل صبح 11 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا۔ ایم این اے مخدوم زین حسین قریشی، رومینہ خورشید عالم، سید مرتضیٰ محمود، سیدہ نوشین افتخار بالترتیب بلا مقابلہ صدر، نائب صدر، جوائنٹ سیکرٹری اور خزانچی وائی پی ایف بورڈ منتخب ہوئے۔
انتخابات میں ایم این اے کنول شوزب اور عظمیٰ ریاض جنرل سیکریٹری وائی پی ایف بورڈ کے عہدے کے لیے جبکہ ایم این اے شاندانہ گلزار خان اور ایم این اے تاشفین صفدر میڈیا کوآرڈینیٹر وائی پی ایف بورڈ کے عہدے کے لیے مدمقابل تھیں۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے انتخابی نتائج کا اعلان کیا جس کے مطابق ایم این اے کنول شوزب 62 ووٹ لے کر جنرل سیکرٹری وائی پی ایف بورڈ منتخب ہوئیں اور ان کی مدمقابل عظمیٰ ریاض نے30 ووٹ حاصل کیے۔
ایم این اے تاشفین صفدر 54 ووٹ لے کر میڈیا کوآرڈینیٹر منتخب ہوئیں اور ان کی مدمقابل شاندانہ گلزار خان نے 38 ووٹ حاصل کیے۔اسپیکر اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے وائی پی ایف بورڈ کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وائی پی ایف بورڈ کے نو منتخب عہدیداران کا انتخاب ان پر ممبران کے اعتماد کا مظہر ہے۔
انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ نو منتخب عہدیداران ینگ پارلیمینٹیرین فورم کو مزید متحرک اور فعال بنائیں گے۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے نو منتخب عہدیداران کو ان کی ذمہ داریوں کی انجام دہی کے لیے اپنے اور قومی اسمبلی سیکرٹیریٹ کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے وائی پی ایف بورڈ کے اغراص و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فورم 2003 میں قائم کیا گیا اور 2013 میں اس کی تشکیل نو کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ YPF بنانے کا مقصد ینگ پارلیمنٹیرین کی استعداد کار میں اضافہ کرنا ہے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ YPF کے الیکشن ہر دو سال بعد منعقد کیے جاتے ہیں اور موجودہ اسمبلی کے دور میں یہ دوسرا الیکشن ہے جو آج منعقد کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں تمام جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ممبران اور سینیٹرز نے حصہ لیا اور اجلاس نہ ہونے کے باوجود 92 ممبران نے ووٹنگ میں حصہ لیا۔