یو این ایچ سی آر کی پاکستان کی جانب سے 40 سال سے زائد عرصہ سے مہاجرین کی فراخدلانہ میزبانی کی تعریف

74

اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے یو این ایچ سی آر نے پاکستان کی جانب سے 40 سال سے زائد عرصہ سے مہاجرین کی فراخدلانہ میزبانی کی تعریف کی ہے۔ پیر کو پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر یو این ایچ سی آر نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ٹویٹ پر کہا کہ ہم اس مسئلہ کے حل کیلئے حکومت پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔

قبل ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پناہ گزین جنگوں اور تنازعات کے ساتھ ساتھ غربت اور معاشی عدم مساوات کا سب سے زیادہ شکار ہیں، دنیا کو پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنی چاہیے، شام سے لے کر فلسطین اور افغانستان تک پناہ گزینوں کی حالت زار اس حوالے سے نئی پالیسی پر توجہ مرکوز کرنے اور وسائل کی فراہمی کی متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو ان ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنی چاہیے جو بڑی تعداد میں پناہ گزینوں کی میزبانی کررہے ہیں۔