یو اے ای ، 22 ویں فیفا ورلڈ کپ 2022 کے لئے پہلا ملٹی انٹری ویزا جاری

374

دبئی ۔2نومبر (اے پی پی):متحدہ عرب امارات نےرواں ماہ قطر میں شیڈول 22ویں فیفا ورلڈ کپ 2022 کے لیے دوحہ جانے والے حَیَّ کارڈ ہولڈرز کے لیے پہلا 90 دن کا ملٹی انٹری ٹورسٹ ویزا جاری کر دیا ہے۔

اردن کے فٹ بال شائق محمد جلا ل وہ پہلے ہیں جو جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ریذیڈنسی اینڈ فارنرز افیئرز کی طرف سے جاری کردہ ویزا وصول کر چکے ہیں۔حکام کے مطابق متحدہ عرب امارات قطر میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2022 کے مہمانوں کی میزبانی کرکے اور انہیں ویزا کی میعاد کے دوران متعدد بار یو اے ای میں داخل ہونے اور جانے کی اجازت دے کر سپورٹ کر رہا ہے۔

جی ڈی آر ایف اے کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد المری نے کہا ہے کہ قطر 21 نومبر سے 18 دسمبر تک 22ویں فیفا ورلڈ کپ کے دوران 1.4 ملین زائرین کی آمد کی توقع کر رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جی ڈی آر ایف اے نے فٹ بال کے شائقین اور دبئی میں نئے سال کی شام کی تقریبات سے لطف اندوز ہونے کے خواہشمندوں کے لیے خدمات کا ایک پیکیج فراہم کرنے کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فٹ بال کے شائقین ملک پہنچنے سے پہلے اپنا ویزا حاصل کر سکتے ہیں اور میچوں کے لیے دبئی اور دوحہ متعدد بار با آسانی آ جا سکتے ہیں ۔